مسلم کھاٹک برادری کا تعلیمی بیداری کی جانب قابلِ تحسین قدم - مہاراشٹر، گجرات اور مدھیہ پردیش کے تقریباً 400 ہونہار طلبہ و تعلیم یافتہ افراد کا خصوصی اعزاز۔
جلگاؤں (عقیل خان بیاولی): دور دراز قصبوں، دیہی علاقوں اور چھوٹی بستیوں میں آباد مسلم کھاٹک برادری، جو طویل عرصے سے تعلیمی و معاشی اعتبار سے پسماندگی کا سامنا کرتی رہی ہے اور بڑی تعداد میں اپنے پشتینی پیشے سے وابستہ ہے، اب تعلیمی بیداری، اجتماعی اتحاد اور سماجی ترقی کی نئی سمت میں آگے بڑھتی دکھائی دے رہی ہے۔ تعلیمی کانفرنسوں، اجتماعی شادیوں اور اعزازی تقریبات کا بڑھتا رجحان اس مثبت تبدیلی کی علامت ہے۔
اسی سلسلے میں ضلع جلگاؤں کے چالیس گاؤں میں مسلم کھاٹک برادری کے زیرِ اہتمام ایک باوقار اعزازی تقریب منعقد ہوئی، جس میں اعلیٰ تعلیم میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں مقام حاصل کرنے والی برادری کی شخصیات کو خصوصی اعزاز سے نوازا گیا۔ تقریب میں مہاراشٹر کے علاوہ پڑوسی ریاستوں گجرات اور مدھیہ پردیش سے تعلق رکھنے والے علماء، حفاظ، ڈاکٹرز، وکلاء، انجینئرز، محققین اور اساتذہ سمیت تقریباً 400 افراد کی حوصلہ افزائی کی گئی۔
تقریب کی صدارت برادری کے قومی صدر، جمعیۃ علماء ہند کے ریاستی نائب صدر اور معروف سماجی، سیاسی، تعلیمی و دینی رہنما الحاج مفتی محمد ہارون ندوی نے کی۔
اپنے صدارتی خطاب میں مفتی محمد ہارون ندوی نے کہا کہ ’’ہمارے بچوں کا اچھی تعلیم حاصل کرکے ترقی کرنا ہی ہمارا مشن ہے۔‘‘ انہوں نے طلبہ کو قرآن کریم کے پہلے حکم ’’اقرأ‘‘ کی طرف متوجہ کرتے ہوئے تعلیم کی اہمیت اجاگر کی اور کہا کہ روزگار کا کوئی بھی جائز ذریعہ اختیار کرنے میں قباحت نہیں، تاہم تعلیم کے ذریعے انسان پہلے ایک اچھا اور ذمہ دار انسان بنے، یہی اصل کامیابی ہے۔
انہوں نے کہا کہ برادری کی ایک بیٹی کا اسرو (ISRO) میں انتخاب اور ایک بیٹے کا ایل ایل ایم کی ڈگری حاصل کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ مناسب مواقع، رہنمائی اور حوصلہ افزائی ملے تو اس برادری کے بچے بھی کسی سے پیچھے نہیں رہ سکتے۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کی تعلیم کو اولین ترجیح بنائیں اور انہیں جدید علوم کے ساتھ اعلیٰ اخلاق و کردار سے بھی آراستہ کریں۔
تقریب میں حافظ، عالم، سائنس، طب، قانون، انجینئرنگ اور دیگر شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات اور افراد کو قومی صدر مفتی محمد ہارون ندوی، مہاراشٹر کے صدر حاجی یوسف لطیف اور دیگر معززین کے ہاتھوں میڈل، ٹرافیاں اور اسناد پیش کی گئیں۔ تقریب کا ایک نمایاں پہلو طلبہ کی جانب سے پیش کی جانے والی شاندار سائنسی نمائش تھی۔ ہونہار طلبہ نے مختلف سائنسی ماڈلز پیش کرکے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ ان کی کاوشوں نے یہ پیغام دیا کہ مناسب تعلیمی مواقع اور سرپرستی میسر آئے تو محروم طبقات سے تعلق رکھنے والی نئی نسل بھی سائنس، ٹیکنالوجی اور تحقیق کے میدان میں ملک کا نام روشن کرسکتی ہے۔
تقریب میں سیاسی و سماجی شخصیات محبوب شیخ، پرمود پاٹل، ابھیشیک پاٹل، ماہرِ تعلیم و سماجی رہنما الحاج عبدالکریم سالار، پولیس انسپکٹر، برادری کے سابق صدر ایل اے شیخ، سماجی کارکن شمس الدین شیخ (خوپولی)، حاجی محسن، حاجی الطاف، حاجی حکیم اور انور کھاٹک سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات موجود تھیں۔ برادری کی ایجوکیشن ٹیم کے چیئرمین پروفیسر شکیل، جلگاؤں ضلع کی مجموعی ٹیم اور مقامی منتظمین کی محنت کے نتیجے میں تقریب کامیابی سے ہمکنار ہوئی۔ شرکاء نے منتظمین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی تقریبات محض اعزاز دینے تک محدود نہیں رہتیں بلکہ نئی نسل میں تعلیم کا شوق، خود اعتمادی، مسابقت کا جذبہ اور قومی تعمیر میں کردار ادا کرنے کا شعور بھی پیدا کرتی ہیں۔ مقررین نے زور دیا کہ مسلم کھاٹک برادری کو تعلیمی بیداری کی اس تحریک کو مزید وسعت دیتے ہوئے دور افتادہ علاقوں تک پہنچانا چاہیے، تاکہ برادری کا کوئی بھی بچہ وسائل کی کمی کے باعث تعلیم سے محروم نہ رہے اور نئی نسل علم و ہنر کے ذریعے نہ صرف اپنی زندگی بہتر بنائے بلکہ معاشرے اور ملک کی ترقی میں بھی مؤثر کردار ادا کرے۔
Comments
Post a Comment