محبوبِ سبحانی و محبوبِ الٰہی کی بارگاہ میں عقیدت کا انوکھا نذرانہ؛ بسواکلیان میں 2/ اکتوبر کو جلسہ جشنِ محبوبین۔
بیدر، 30 ستمبر (نامہ نگار) بارگاہِ حضرت سیدنا تاج الدین شیر سوارؒ، المعروف حضرت راجہ باگ سوارؒ، بسواکلیان، ضلع بیدر میں ہر سال کی طرح امسال بھی ماہِ ربیع الثانی کے پُرسعادت موقع پر سالانہ ’’جلسہ جشنِ محبوبین‘‘ (جشنِ محبوبِ سبحانی و جشنِ محبوبِ الٰہی) نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ حضرت محبوبِ الٰہیؒ، حضرت سیدنا تاج الدین شیر سوارؒ المعروف حضرت راجہ باگ سوارؒ کے دادا پیر ہیں۔ اسی روحانی نسبت اور عقیدت کے تحت ہر سال ’’جشنِ محبوبین‘‘ کے عنوان سے یہ بابرکت محفل منعقد کی جاتی ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق یہ پروقار جلسہ 2 اکتوبر بروز جمعہ، 19 ربیع الثانی کو بعد نمازِ مغرب بارگاہ کے احاطۂ مسجد میں منعقد ہوگا۔ جلسہ کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوگا، جس کے بعد حمدِ باری تعالیٰ، نعتِ رسولِ اکرم ﷺ اور منقبت پیش کی جائے گی۔ بعد ازاں بزرگانِ دین کی تعلیمات، فضائل و مناقب پر خطابات کا سلسلہ ہوگا۔
جلسہ کی نگرانی و سرپرستی تقدس مآب پیرِ طریقت حضرت مولانا خواجہ شاہ ضیاء الحسن جاگیردار صاحب قبلہ، مورثی سجادہ نشین و متولی بارگاہ حضرت راجہ باگ سوارؒ فرمائیں گے، جبکہ صدارتی خطاب بھی حضرت موصوف ہی فرمائیں گے۔ معروف مقرر جناب شوکت علی خان نظامی خصوصی خطاب کریں گے۔
محفلِ نعت و منقبت میں حضرت خواجہ شاہ خسرو الحسن چشتی نظامی شیر سواری بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں نعتِ پاک کا نذرانۂ عقیدت پیش کریں گے، جبکہ جناب سید اکبر نظامی منقبت پیش کریں گے۔
بارگاہ کے منتظمین کی جانب سے تمام مریدین، معتقدین، متوسلین، عاشقانِ اولیاء اور عوامِ اہلِ سنت سے کثیر تعداد میں شرکت کی پُرخلوص گزارش کی گئی ہے، تاکہ اس بابرکت روحانی محفل میں شرکت کرکے بزرگانِ دین کی تعلیمات سے استفادہ اور روحانی فیوض و برکات سے مستفید ہوسکیں۔
Comments
Post a Comment