ستمبر 27 کو سیرت النبی ﷺ کانفرنس و تقسیمِ انعامات، کثیر تعداد میں شرکت کی گزارش۔
بیدر، 25 ستمبر (نامہ نگار)حضرت مولانا محمد تصدق ندوی، صدر جمعیت علماء بیدر کے بموجب، جمعیت علماء بیدر کے زیرِ اہتمام پٹیل فنکشن ہال، حیدرآباد روڈ، بیدر میں بروز اتوار 27 ستمبر 2026ء مطابق 14 ربیع الثانی 1448ھ کو دوپہر 2 بجے عظیم الشان سیرت النبی ﷺ کانفرنس و تقسیمِ انعامات سیرت کوئز مقابلہ منعقد ہوگا۔
کانفرنس میں حضرت مولانا حکیم الدین صاحب قاسمی قومی جنرل سکریٹری جمعیت علماء ہند بحیثیت مہمانِ خصوصی شرکت کرتے ہوئے خصوصی خطاب فرمائیں گے۔ اس موقع پر حضرت مولانا محمد شریف صاحب مظہری نائب صدر جمعیت علماء کرناٹک، اور جناب الحاج محمد رحیم خان صاحب رکن اسمبلی بیدر و سابق ریاستی وزیر حکومت کرناٹک بھی شرکت کریں گے۔ واضح ہو کہ ضلع بھر میں سیرت کوئز مقابلہ میں اسکول و کالج کے 21 ہزار طلبہ وطالبات نے حصہ لیا اور بہترین مظاہرہ پیش کیا
اس موقع پر ضلعی سطح پر سیرت کوئز مقابلے کے تینوں زمروں میں اول پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو عمرہ کرانے کا اعلان کیا جائے گا، جبکہ دوم سوم پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ وطالبات کو سرٹیفکیٹ کے ساتھ نقد انعامات کی تقسیم مہمانِ خصوصی کے ہاتھوں عمل میں آئے گی۔
اس جلسہ کی صدارت حضرت مولانا محمد تصدق ندوی صدر جمعیت علماء بیدر، سرپرستی الحاج محمد سراج احمد انجینیئر سرپرست جمیعت علماء بیدر، اور نگرانی الحاج محمد فیاض احمد ایچ کے جی این سیکریٹری جمعیت علماء بیدر فرمائیں گے ،
حافظ محمد عمر قریشی، جنرل سکریٹری جمعیت علماء بیدر، مولانا محمد عبدالحکیم قاسمی نائب صدر جمعیت علماء بیدر، اور مولانا محمد فرید حسامی خازن جمعیت علماء بیدر سمیت تمام عہدیداران و اراکینِ جمعیت علماء بیدر نے ملتِ اسلامیہ، بالخصوص طلبہ و طالبات سے اس بابرکت اجتماع میں کثیر تعداد میں شرکت کرنے کی پرخلوص گزارش کی ہے۔
Comments
Post a Comment