ضلعی سطح کے ووشو مقابلے میں رئیس ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کےطلبہ 16 گولڈ، 11سلور اور 18 برونز میڈل جیتنے میں کامیاب
بھیونڈی : (عبدالعزیز انصاری) بھیونڈی نظام پور سٹی میونسپل کارپوریشن اور تھانے ضلع اسپورٹس ڈپارٹمنٹ کے مشترکہ زیرِ اہتمام جمعہ 18 ستمبر 2026 کو گاجانگی ہال، کوبڑپڑا، بھیونڈی میں انٹر اسکول اینڈ کالجیٹ ووشو (Wushu) مقابلہ 2026 کا انعقاد کیا گیا۔ اس ضلعی سطح کے مقابلے میں بھیونڈی تعلقہ کے 48 اسکولوں سے تعلق رکھنے والے تقریباً 560 طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ مقابلے میں 14، 17 اور 19 سال سے کم عمر کے مختلف زمروں میں طلبہ نے اپنی کھیلوں کی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
رئیس ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج، بھیونڈی کے طلبہ و طالبات نے بھی ان مقابلوں میں جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تینوں عمر کے زمروں میں نمایاں کامیابی حاصل کی۔ ادارے کے کھلاڑیوں نے مجموعی طور پر 16گولڈ،11 سلوراور 18برونز میڈل جیت کر اسکول اور جونیئر کالج کا نام روشن کیا۔
کامیاب کھلاڑیوں کی تربیت اور رہنمائی محترمہ اقراء شیخ، ذاکر انصاری اور مصیب مومن نے کی۔ ان کی محنت، رہنمائی اور طلبہ کی لگن کے نتیجے میں ادارے کو یہ شاندار کامیابی حاصل ہوئی۔
طلبہ کی اس نمایاں کامیابی پر کے ایم ای سوسائٹی کی صدر الماز فقیہ، جنرل سیکریٹری دانیال قاضی، خازن فہد بوبیرے، اسپورٹس کمیٹی کے چیئرمین دانش مدعو، رئیس ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کے چیئرمین یاسر تاتلی، پرنسپل ضیاء الرحمٰن انصاری، وائس پرنسپل عامر صدیقی، اسسٹنٹ ہیڈ ماسٹر مخلص مدعو، سپروائزرس اسرار پٹھان،سبطین کشیلکر، مزدان ملّا، وائی سی ایم او یو اسٹڈی سینٹر کے کوآرڈنیٹر عبدالعزیز انصاری اور جملہ اسٹاف نے کامیاب طلبہ و طالبات اور ان کے رہنما اساتذہ کو دلی مبارک باد پیش کی۔
Comments
Post a Comment