بارہ 12 سے زائد سرکاری لوورو ہائیر پرائمری اورسرکاری ہائی اسکول اردو وکنڑامیڈیم کادورہ - یارانِ ادب اور عائشہ جیوتی سوسائٹی نے طلبہ وطالبات میں ہزاروں کاپیاں تقسیم کیں
بیدر۔2/ستمبر (راست) برسات کے موسم کاآخری مہینہ چل رہاہے اور بیدر ضلع میں بارش کہیں نہیں ہے۔ ایسے میں بیدر کی قدیم ادبی، تعلیمی اور فلاحی تنظیم یاران ِ ادب اور 18/سالہ قدیم عائشہ جیوتی سوسائٹی نے آج بیدر تعلقہ کے 12سے زائد سرکار ی اردو وکنڑامیڈیم اسکولوں تک پہنچ کروہاں زیرتعلیم ضرورت مند طلبہ میں ٹواِن ون کاپیاں تقسیم کیں۔ آج چہارشنبہ کی صبح جناب یوسف رحیم بیدری سکریڑی یاران ِ ادب جناب حیدرعلی سوداگر ای سی او برائے دفتر BEOبیدر نے بیدر سے دورہ شروع کیااور ناگورہ پہنچ کر وہاں موجودسرکاری اردو /کنڑا لوورپرائمری اسکول میں ٹواِن ون نوٹ بکس تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر جناب حیدرعلی سوداگر نے صدرمعلمہ وٹیچرس سے کہاکہ ”پریرمیں طلبہ لازمی طورپر شامل رہیں۔ اس کااہتمام کیاجائے۔ 5/ستمبر تک داخلوں کاموقع ہے، کوشش کیجئے کہ سرکاری اسکولوں میں داخلے بڑھیں۔یاران ادب اور عائشہ جیوتی سوسائٹی سرکاری اسکولوں میں داخلے بڑھانے کے لئے کوشاں ہیں۔ میں پھراسکول آؤں گا، طلبہ کی تعداد میں ہرممکن اضافہ ہوناچاہیے۔ وہاں سے ساتولی دیہات کے سرکاری اردو /کنڑا میڈیمHrps اسکول میں ایک مختصر سی تقریب منعقد ہوئی جہاں محمدیوسف رحیم میرؔبیدری نے ساتولی کے طلبہ کے لئے لکھی ان کی تازہ نظم پیش کی۔ جناب حیدرعلی ای سی او نے اپنے خطاب میں طلبہ کو دل لگاکر تعلیم حاصل کرنے کی تلقین کی۔ جناب اسدسلیم (عائشہ جیوتی سوسائٹی) نے بھی خطاب کیا۔ بعدازاں اردو اور کنڑامیڈیم کے طلبہ میں کاپیاں تقسیم کی گئیں۔ وہاں سے یاقت پور کے کنڑااور اردو میڈیم سرکاری اسکول پہنچے۔ کنڑا میڈیم اسکول میں جناب یوسف رحیم بیدری، جناب حیدرعلی سوداگر، جناب محمد مظفرالدین سی آرپی، جناب اسدسلیم مؤظف صدرمعلم اور جناب عبدالقدیرلشکری کواسکول کے صدرمعلم جناب ونائک چوہان کی جانب سے شالپوشی اور گل کے ذریعہ تہنیت پیش کی گئی اور ایک عمدہ استقبالیہ دیاگیا۔ جس سے خطاب کرتے ہوئے شاعروادیب جناب محمدیوسف رحیم میرؔبیدری نے بتایا، پیغمبر محمد ﷺ نے کہاہے“جھولے سے ڈولے (ارتھی/قبر) تک علم حاصل کرو“انھو ں نے یہ بھی کہاکہ اس قدر صاف ستھرااور دلکش سرکاری اسکول میں نے اس سے قبل کہیں نہیں دیکھا۔ اس کامعیار تو کسی پرائیویٹ اسکول سے بڑھ کرہے۔ جس کے لئے صدرمعلم ونائک چوہان اور ان کاساتھ دینے والے تمام معاون معلمین مبارک باد کے مستحق ہیں۔ میں سبھی سے کہوں گاکہ وہ یاقت پور کا یہ سرکاری اسکول ضرور دیکھیں۔ جناب اسدسلیم نے بھی اسکول کی خوب تعریف کی اورتمام طلبہ کو جلیبی کھلانے کے لئے ایک ہزار روپئے چندا صدرمعلم کوعطیہ کیا۔ اسی کے ساتھ تمام طلبہ میں کاپیاں تقسیم کی گئیں۔ جس کا تمام طلبہ نے ایک زبان ہوکر شکریہ اداکیا۔ صدرمعلم ونائک چوہان نے اپیل کی کہ براہ کرم ہمارے اسکول کی حصاربندی کواور اونچا کیا جائے تو ہمارا اسکول اور بھی محفوظ ہوگا۔ اس تعلق سے عبدالقدیر لشکری نے رکن اسمبلی بید رجنوب ڈاکٹر شیلندربیلداڑے سے کہہ کر حصاربندی کروانے کاوعدہ کیا۔ بعدازاں سرکاری اردو Hrpsاسکول یاقت پور میں صدر معلم جناب جاوید احمد نے بھی مذکورہ تمام افراد کا استقبال کیا۔ شالپوشی اور گلپوشی کے ذریعہ تہنیت پیش کی۔ساتھ میں نوجوان شاعر مولانا عمر فاروق عمر ؔ کی بھی شالپوشی وگلپوشی کی گئی۔ اور کنڑا اسکول کے صدر معلم اور اسٹاف کی بھی شالپوشی کرتے ہوئے ان کے تعاون کوسراہا۔ جناب حیدرعلی سوداگر،محمد مظفرالدین، محمدیوسف رحیم بیدری اور اسدسلیم نے خطاب کیا۔ مولانا عمر فاروق عمرؔ نے اپنی حمدپیش کی۔آخر میں صدرمعلم جاوید احمد نے تمام مہمانوں کاشکریہ اداکیا۔اس اسکول کی صفائی ستھرائی دیکھ کرصدرمعلم اور مددگارمعلمین کے لئے دل سے دعائیں نکلیں۔ اور یہ بات بھی ذہن میں آئی کہ صاف ستھرے اردو اسکول دیکھنے کے خواہشمندوں کو یاقت پورکے سرکاری اردو اسکول ضرورجانا چاہیے۔ وہاں سے یہ قافلہ منہلی سرکاری MPSاردو /کنڑااسکول پہنچا۔ جہاں کے اردو اسکول کی جانب سے حیدرعلی سوداگر، اسدسلیم، یوسف رحیم بیدری، عبدالقدیر لشکری، اور عمرفاروق عمر ؔ کی شالپوشی اور گل پیشی کے ذریعہ ان کااستقبال کیا۔ اس تقریب میں سینکڑوں طلبہ شریک تھے۔ حیدرعلی سوداگر نے بتایاکہ یاران ِادب اور عائشہ جیوتی سوسائٹی چاہتی ہیں کہ سرکاری اسکولوں میں داخلے بڑھیں اور طلبہ کو اچھی تعلیم ملے۔ اسی لئے کاپیوں کی تقسیم عمل میں آرہی ہے۔ جناب یوسف رحیم بیدری نے منہلی کے طلبہ اور وہاں کے موسم وجانور سے متعلق ایک نظم سنائی جس کوسن کر طلبہ وطالبات خوب خوب محظوظ ہوئے۔ اسدسلیم نے بھی خطاب کیا۔اسی اسکول کی جانب سے وفدکو ظہرانہ پیش کیاگیا۔ کاپیوں کی تقسیم کے فوری بعد سرکاری KPSہائی اسکول کنڑا/اردو منہلی کے سینکڑوں طلبہ میں کاپیوں کی تقسیم عمل میں آئی اور جہاں خطاب کرتے ہوئے محمدیوسف رحیم بیدری سکریڑی یارانِ ادب بیدر نے طلبہ وطالبات سے کہاکہ زندگی کے مشکل ترین دِنوں میں بھی کبھی خودکشی کی نہ سوچیں۔ خود کشی کواسلام حرام موت قرار دیتاہے۔ جناب حیدرعلی سوداگر نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اس اسکول کے دہم جماعت کے طلبہ کو پوری ریاست میں اول آنا چاہیے۔ ایسی خواہش کن کن طلبہ کی ہے؟ استفسار پر تمام طلبہ وطالبات نے اپناہاتھ اٹھایااور وعدہ کیاکہ وہ پوری ریاست میں اول آنے کی کوشش کریں گے۔ اس خطاب کے موقع پر وائس پرنسپل وجے کمار دیوااور دیگر اساتذہ موجودتھے۔ اس کے بعد سندول کے سرکاری کنڑا میڈیم اسکول میں جناب بیدری اور سوداگر صاحب کا خطاب رہا۔ کاپیوں کی تقسیم عمل میں آئی۔اس کے فوری بعد سندول کے سرکاری اردو اسکول میں ایک تقریب ہوئی۔ صدرمعلم محمد سراج اوراسٹاف کی جانب سے محمدیوسف رحیم بیدری، حیدرعلی شاکر،اسدسلیم اور عبدالقدیرلشکری کی شالپوشی وگلپوشی کی گئی۔ طلبہ میں کتابوں کی تقسیم عمل میں آئی۔ وہاں سے یہ قافلہ راج گیرا سرکاری اُردو اسکول روانہ ہوا۔
Comments
Post a Comment