سابق امام و خطیب مسجد عثمانیہ حضرت شیخ عبدالغنی صاحبؒ کی تدفین عمل میں آئی۔


بیدر، 30 جولائی (نامہ نگارمحمد عبدالصمد) یہ خبر نہایت رنج و غم کے ساتھ پڑھی جائے گی کہ بیدر کی معروف دینی شخصیت، سابق امام و خطیب مسجد عثمانیہ، قدوائی روڈ، حضرت شیخ عبدالغنی صاحبؒ جمعرات، 30 جولائی کو رات تقریباً 2 بجے بہ رضائے الٰہی انتقال فرما گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْن۔
مرحوم کی نمازِ جنازہ آج بعد نمازِ ظہر مسجد عثمانیہ، قدوائی روڈ، بیدر میں حضرت کے فرزند مفتی شیخ عبدالغفار القاسیمی کی امامت میں ادا کی گئی، جس میں علماء کرام، ائمہ مساجد، حفاظِ کرام، مشائخِ عظام، دینی و سماجی شخصیات، معززینِ شہر، عزیز و اقارب، احباب اور عوام الناس کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ بعد ازاں مرحوم کی تدفین احاطۂ قبرستان حضرت ملتانی بادشاہ رحمۃ اللہ علیہ، بیدر میں عمل میں آئی۔
حضرت شیخ عبدالغنی صاحبؒ نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ امامت، عبادت، تقویٰ اور خدمتِ دین میں بسر کیا۔ آپ نہایت سادہ مزاج، خوش اخلاق، نرم گفتار، دیانت دار، ملنسار، متواضع اور خدمتِ خلق کا جذبہ رکھنے والے انسان تھے۔ مسجد عثمانیہ میں طویل عرصہ تک موزن اور امامت کے فرائض نہایت اخلاص، پابندی اور حسنِ اخلاق کے ساتھ انجام دیتے رہے۔ آپ ہمیشہ نمازیوں کو نماز کی پابندی، اچھے اخلاق، باہمی محبت، اخوت، صبر و شکر اور دینی اقدار پر عمل کی تلقین فرمایا کرتے تھے۔
مرحوم کا کردار تقویٰ، صبر، قناعت، عاجزی اور انکساری کا عملی نمونہ تھا۔ آپ ہر چھوٹے بڑے سے خندہ پیشانی سے ملتے، بیماروں کی عیادت کرتے، غمزدہ افراد سے ملاقات کرتے اور ضرورت مندوں کی حتیٰ المقدور مدد کو اپنا دینی و اخلاقی فریضہ سمجھتے تھے۔ اہلِ محلہ اور جاننے والوں کے درمیان آپ اپنی خوش اخلاقی، دیانت داری، شرافت اور حسنِ سلوک کی وجہ سے نہایت عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے۔
مرحوم کے انتقال سے مصلیانِ مسجد عثمانیہ، اہلِ محلہ، برادریِ بز قصبان علی باغ اور بیدر کے دینی و سماجی حلقوں میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ آپ کی وفات سے ایک مخلص، نیک سیرت، بااخلاق، ملنسار اور ہر دلعزیز امام سے محرومی ہوئی ہے، جس کا خلا مدتوں محسوس کیا جاتا رہے گا۔ آپ کی دینی خدمات، حسنِ اخلاق اور نیک یادیں ہمیشہ اہلِ بیدر کے دلوں میں زندہ رہیں گی۔
پسماندگان میں تین فرزندان شیخ عبدالباسط علی،مفتی شیخ عبدالغفار مظفر القاسیمی،شیخ عبدالقیوم شبیر اور ایک دختر شامل ہیں۔ حضرت کے انتقال کے احترام میں عثمانیہ مسجد کے اطراف کے تمام تاجرین نے اپنے کاروبار بند رکھا. مرحوم کے انتقال پر مختلف دینی، سماجی اور عوامی شخصیات نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اہلِ خانہ سے تعزیت کی اور مرحوم کے لیے دعائے مغفرت کی۔
اللہ تعالیٰ حضرت شیخ عبدالغنی صاحبؒ کی کامل مغفرت فرمائے، ان کی قبر کو جنت کے باغوں میں سے ایک باغ بنائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کی دینی خدمات کو شرفِ قبولیت بخشے اور تمام پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین یا رب العالمین۔مرحوم کے فاتحہ سیہ یوم اج بعد نماز جمعہ تا عصر مسجد عثمانیہ بیدر میں مقرر ہیں.حناب الحاج محمد حبیب الدین صدر برادری بز قصبان وصدر انتظامی کیمٹی مسجد عثمانیہ بیدر نے بتایا کہ اج بروز جمعہ مسجد عثمانیہ بیدر میں بعد نماز عشاء ایک تعزیتی جلسہ و دعائے مغفرت منعقد ہوگا.شرکت کی گزاریش کی گئی ہے

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔