بچوں میں سائنسی مزاج کی تعمیر والدین کے لیے ایک اہم پیغام - از قلم : محمود علی لیکچرر۔
بچوں میں سائنسی مزاج کی تعمیر والدین کے لیے ایک اہم پیغام - از قلم : محمود علی لیکچرر۔
آج کی دنیا علم تحقیق ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت (AI) کی دنیا ہے ایسے دور میں بچوں کو صرف نصابی تعلیم تک محدود رکھنا کافی نہیں بلکہ ان میں سائنسی مزاج تجسس مشاہدے کی صلاحیت اور سوال کرنے کی عادت پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ یہی وہ خصوصیات ہیں جو مستقبل میں ایک کامیاب طالب علم محقق ڈاکٹر انجینئر اور ذمہ دار شہری کی بنیاد بنتی ہیں۔
ہمارے معاشرے میں ایک عام تاثر یہ پایا جاتا ہے کہ اگر بچہ اردو میڈیم مراٹھی میڈیم یا مہاراشٹرا بورڈ سے تعلیم حاصل کر رہا ہو تو وہ قومی یا بین الاقوامی سطح کے مسابقتی امتحانات میں پیچھے رہ جائے گا۔ حقیقت اس کے برعکس ہے۔ کامیابی کا تعلق صرف ذریعۂ تعلیم سے نہیں بلکہ سیکھنے کے ماحول مطالعے کی عادت والدین کی رہنمائی اور معیاری تعلیمی وسائل سے ہوتا ہے۔
چونکہ دنیا بھر میں سائنس طب انجینئرنگ کمپیوٹر سائنس اور جدید ٹیکنالوجی کا زیادہ تر معیاری علمی سرمایہ انگریزی زبان میں دستیاب ہے، اس لیے بچوں کو ابتدائی عمر ہی سے انگریزی کی سائنسی اصطلاحات اور بین الاقوامی معیار کی کتابوں سے آشنا کرنا بے حد مفید ہے۔ اس کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ مادری زبان کی اہمیت کم ہو جاتی ہے، بلکہ مادری زبان کے ساتھ ساتھ انگریزی سائنسی ذخیرۂ علم تک رسائی بچے کے لیے نئے مواقع پیدا کرتی ہے۔
والدین روزانہ صرف 15 سے 20 منٹ بچوں کے ساتھ سائنسی کتابیں پڑھیں، تصویروں پر گفتگو کریں قدرتی مظاہر پر سوالات کریں اور گھر میں آسان سائنسی تجربات کروائیں۔ اس سے بچے کی سوچ میں وسعت پیدا ہوگی اور وہ سائنس کو ایک دلچسپ مضمون کے طور پر دیکھنا شروع کرے گا، نہ کہ صرف امتحان کا ایک موضوع
بچوں کے لیے درج ذیل کتابیں عالمی سطح پر مقبول اور مفید سمجھی جاتی ہیں
- Oxford International Primary Science
- Cambridge Primary Science
- Collins Primary Science
- Pearson Primary Science
- DK Children's Encyclopedia
- Usborne First Encyclopedia of Science
- National Geographic Little Kids First Big Book of Science
- Science Year by Year (DK)
- STEM Starters for Kids
- 100 Science Experiments (Usborne)
پانچ سے آٹھ سال کے بچوں کے لیے تصویری اور آسان زبان والی کتابیں زیادہ موزوں ہیں، جبکہ نو سے بارہ سال کے بچوں کو بتدریج تفصیلی سائنسی کتابوں کی طرف راغب کیا جا سکتا ہے۔ اس عمر میں پیدا ہونے والی دلچسپی آگے چل کر اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کا مضبوط سرمایہ بنتی ہے۔
یہ بھی ضروری ہے کہ والدین بچوں کو صرف رٹنے کی عادت نہ ڈالیں بلکہ انہیں "کیوں؟" "کیسے؟" اور "اگر ایسا ہو تو کیا ہوگا؟" جیسے سوال پوچھنے کی ترغیب دیں۔ یہی سوالات سائنسی فکر کی بنیاد ہیں۔ سائنس صرف معلومات کا نام نہیں بلکہ سوچنے، مشاہدہ کرنے، تجربہ کرنے اور نتائج اخذ کرنے کا طریقۂ کار ہے۔
آج NEET، JEE، UPSC، MPSC اور دیگر مسابقتی امتحانات میں کامیابی کے لیے مضبوط بنیادی سمجھ سائنسی اصطلاحات سے واقفیت اور تجزیاتی صلاحیت انتہائی اہم ہیں۔ اگر بچوں کی بنیاد ابتدائی عمر ہی میں مضبوط کر دی جائے تو آگے چل کر انہیں زبان یا اصطلاحات کی وجہ سے مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔
والدین، اساتذہ اور معاشرے کو مل کر ایسا ماحول بنانا ہوگا جہاں بچوں کے سوالوں کی حوصلہ افزائی کی جائے، کتاب دوستی کو فروغ دیا جائے اور سائنس کو زندگی سے جوڑ کر سکھایا جائے۔ یہی سرمایہ ہمارے بچوں کو مستقبل کی عالمی دنیا میں بااعتماد، باصلاحیت اور کامیاب انسان بنائے گا۔
یاد رکھیں! سائنسی مزاج ایک دن میں پیدا نہیں ہوتا بلکہ روزانہ کی چھوٹی چھوٹی علمی کوششیں معیاری کتابوں کا مطالعہ، سوال کرنے کی آزادی اور والدین کی مثبت رہنمائی مل کر ایک روشن مستقبل کی بنیاد رکھتی ہیں۔
سابقہ لیکچرر
اردو انگریزی مصنف
آزاد (فری لانس) مصنف
ontent Writer
Comments
Post a Comment