تمل زبان سیکھیں اور تمل روایات کو سمجھیں" تربیتی پروگرام اختتام پذیر.
چنئی - (عائشہ صدیقہ) ودیا بھارتی اُچّھ شکشا سنستھان اور سینٹرل انسٹی ٹیوٹ آف کلاسیکل تمل (حکومتِ ہند کی وزارتِ تعلیم کے تحت ایک خود مختار ادارہ) کے اشتراک سے منعقدہ انٹرنشپ پروگرام 'ہندوستانی زبانیں سیکھو'کے تحت تمل زبان سیکھنے اور تمل روایات کو سمجھنے کی غرض سے آسام یونیورسٹی کے تقریباً 45طلبا اور اساتذہ چنئی تشریف لائے جنھیں 04.07.2026 تا 15.07.2026 مختلف موضوعات پر لیکچر، خطاب، مباحثے منعقد کیے گئے جس میں پروفیسر ڈاکٹر امان اللہ ایم بی، چیرمین ،شعبہ اردو مدراس یونی ورسٹی نے تمل رزمیہ سلیپدیگارم، منی میکلائی کی خصوصیات عصر حاضر میں تمل ثقافت اور اس کی اہمیت پر خصوصی خطاب فرمایا نیز انھوں نے تمل اور اردو کے مابین ادبی اصناف کی مماثلت اثرات کا موازنہ بدھگان و دوہا اور تروکرل، خالق باری اور تولکاپیئم، اووسل اور جھولے نامہ، اوویی کی آتی چوڈی اور کبیر کے الف نامہ کی مشابہت اردو اور تمل غزل کے ساتھ تقابلی مطالعہ بھی پیش فرمایا. آپ کے لیکچر سے متاثر ہو کر طلباء نے ادارے کے ڈائریکٹر پروفیسر چندر شیکھر سے درخواست کی کہ پروفیسر امان اللہ صاحب کو مزید لیکچر کے لیے بلایا جائے، طلبا کی مانگ اور منتظمین کی درخواست پر پروفیسر موصوف نے مزید تین لیکچر بھی پیش کیے. اس پروگرام کا اختتامی اجلاس 15 جولائی کی شام منعقد ہوا.
ڈاکٹر کے. جیا کماری، ریسرچ آفیسر اور ورکشاپ کوآرڈینیٹر نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا، پروفیسر آر. چندرا شیکھرن، ڈائریکٹر نے صدارتی خطاب میں تمل زبان کی اہمیت اور اس کی قدامت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ تمل واحد زبان ہے جو ہزاروں سال بیتنے کے باوجود آج بھی زندہ اور عوام میں مقبول ترین زبان ہے ڈاکٹر آر. بھوونیشوری، رجسٹرار نے اظہارِ تبریک پیش فرمائیں جبکہ ڈاکٹر کے. سمبتھ کمار، رکن، انڈین کونسل آف فلاسوفیکل ریسرچ، نئی دہلی اور رکن، قومی ایگزیکٹو کمیٹی، ودھیا بھارتی سنستھان نے خصوصی خطاب فرمایا، ڈاکٹر کیلاش چندر شرما، چیئرپرسن، ہریانہ اسٹیٹ ہائر ایجوکیشن کونسل، پنچکولہ، ہریانہ نے کلیدی خطاب کرتے ہوئے ہندوستانی زبانیں سیکھنے کے فوائد پر سیر حاصل گفتگو کی، شرکا نے اپنے تاثرات میں اس پروگرام کو نہایت دل چسپ اور مفید قرار دیا ڈاکٹر ایم. سوسیلا، جونیئر ریسرچ آفیسر اور ورکشاپ ایسوسی ایٹ کوآرڈینیٹر نے اظہارِ تشکر پیش کیں قومی ترانہ کے ساتھ یہ پروگرام اختتام پذیر ہوا.
(لیکچر کے بعد طلباء اور شرکا کے ساتھ لی گئی تصویر)
Comments
Post a Comment