ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی میں اردو بورڈ آف اسٹڈیز کی اہم نشست ، نصاب میں عصری تقاضوں سے ہم آہنگی کا فیصلہ - نیشنل ایجوکیشن پالیسی کے مطابق بی۔اے نصاب کی ازسرِ نو تشکیل، ماہرینِ تعلیم کی جامع تجاویز۔
ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی میں اردو بورڈ آف اسٹڈیز کی اہم نشست ، نصاب میں عصری تقاضوں سے ہم آہنگی کا فیصلہ -
نیشنل ایجوکیشن پالیسی کے مطابق بی۔اے نصاب کی ازسرِ نو تشکیل، ماہرینِ تعلیم کی جامع تجاویز۔
اورنگ آباد (نامہ نگار): ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی میں اردو و فارسی بورڈ آف اسٹڈیز کی ایک نہایت اہم اور بامقصد نشست ڈاکٹر قاضی نوید احمد صدیقی (صدر شعبہ اردو، مولانا آزاد کالج) کی زیرِ صدارت منعقد ہوئی، جس میں تعلیمی و نصابی امور پر سنجیدہ اور تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔
اجلاس میں خاص طور پر بی۔اے سال سوم کے نصاب کو نیشنل ایجوکیشن پالیسی (NEP) کے تقاضوں کے مطابق ازسرِ نو ترتیب دینے کا اہم فیصلہ کیا گیا۔ اس ضمن میں اس بات پر زور دیا گیا کہ نصاب کو اس انداز میں مرتب کیا جائے جو نہ صرف جدید تعلیمی رجحانات سے ہم آہنگ ہو بلکہ طلبہ کی ہمہ جہت علمی، فکری اور تخلیقی صلاحیتوں کو بھی فروغ دے۔
مزید برآں بی۔اے آنرز (سال چہارم) کے نصاب کی تیاری کے لیے بھی ایک جامع اور دور رس لائحۂ عمل وضع کیا گیا۔ اس موقع پر ماہرینِ تعلیم نے اس امر پر اتفاق کیا کہ اعلیٰ تعلیم کے معیار کو بلند کرنے کے لیے نصاب میں تحقیق، تنقید اور تخلیقی بصیرت کو مرکزی حیثیت دی جائے، تاکہ طلبہ مستقبل کے علمی و ادبی چیلنجز کا بھرپور مقابلہ کرسکیں۔
اجلاس میں شریک ممتاز ماہرین اور اراکین میں حسین اختر، خان مقیم خان، پروفیسر قمر النساء بیگم، ڈاکٹر مجاہد انصاری، پروفیسر کرتی مالنی جاوڑے، پروفیسر آصف زکریا، پروفیسر عالیہ کوثر، پروفیسر عتیق احمد قریشی، پروفیسر ساجد انصاری، پروفیسر ساجد احمد قادری اور ڈاکٹر عبدالرب شامل تھے۔ تمام اراکین نے نصاب کی بہتری، اس کی افادیت اور عصری تقاضوں سے ہم آہنگی پر زور دیتے ہوئے نہایت قیمتی اور مفید تجاویز پیش کیں۔
صدرِ اجلاس ڈاکٹر قاضی نوید احمد صدیقی نے تمام معزز اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ نئے سرے سے مرتب کیا جانے والا نصاب طلبہ کے لیے نہایت سودمند، کارآمد اور مستقبل ساز ثابت ہوگا، اور اردو تعلیم کے فروغ میں ایک سنگِ میل کی حیثیت اختیار کرے گا۔
Comments
Post a Comment