اقرأ اردو ہائی اسکول بورنار میں قومی سائنس دن کا شاندار انعقاد۔


بورنار (نامہ نگار) بمورخہ 28 فروری، اقرأ اردو ہائی اسکول بورنارمیں قومی سائنس دن نہایت جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر طلبہ و اساتذہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔ پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت سلمان پٹیل نے حاصل کی۔ ان کی پُرسوز آواز نے محفل کو روحانی فضا سے معطر کر دیا۔
تقریب کی صدارت انچارج صدر مدرس عارف خان سر نے کی۔ نظامت کے فرائض شیخ امیر سر نے نہایت خوش اسلوبی سے انجام دیے اور پورے پروگرام کو منظم انداز میں آگے بڑھایا۔
سب سے پہلے عافیہ شیخ مختار نے C. V. Raman کی زندگی اور خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر سی وی رمن ایک عظیم سائنس دان تھے جنہوں نے “رمن اثر” دریافت کیا اور 1930 میں طبیعیات کا نوبل انعام حاصل کیا۔ ان کی محنت اور لگن نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
اس کے بعد خدیجہ صادق دیشمکھ نے National Science Day کی اہمیت بیان کی۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال 28 فروری کو یہ دن منایا جاتا ہے تاکہ طلبہ میں سائنسی شعور بیدار ہو اور وہ تحقیق و جستجو کی طرف راغب ہوں۔ انہوں نے اس دن کے تاریخی پس منظر اور اس کے مقاصد پر بھی روشنی ڈالی۔
نازیہ رمضان نے ڈاکٹر سی وی رمن کے اہم کارناموں پر مدلل گفتگو پیش کی۔ انہوں نے رمن اثر، روشنی کے انتشار، اور سائنسی تحقیق کے میدان میں ان کی نمایاں خدمات کو اجاگر کیا۔ اس کے بعد شیخ روشن سر نے سائنس سے متعلق اہم معلومات فراہم کیں اور جدید دور میں سائنس کی افادیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ سائنس انسانی ترقی کی بنیاد ہے اور اس کے بغیر معاشرہ آگے نہیں بڑھ سکتا۔
صدارتی خطاب میں عارف خان سر نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا: “سائنس پڑھیے، آگے بڑھیے اور تحقیقی ذہن کے مالک بنیے۔” انہوں نے طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ سوال پوچھنے کی عادت ڈالیں اور نئی چیزیں سیکھنے میں دلچسپی لیں۔ ان کے پُراثر خطاب نے طلبہ کے اندر جوش و جذبہ پیدا کیا۔
اس موقع پرمظہر سر، فیروز سر،جواد سر،صادق سربھی موجود تھے۔
آخر میں رسمِ شکریہ شیخ عابد سر نے ادا کی۔ انہوں نے تمام مہمانانِ گرامی، اساتذہ اور طلبہ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے پروگرام کو کامیاب بنانے میں اپنا بھرپور تعاون دیا۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔