ڈاکٹر سید تاج الہدا محمد یوسف خطیب انجمن آرٹس اینڈ کامرس ڈگری کالج بیلگاوی کے پرنسپل مقرر۔


بیلگاوی: (راست) انجمن آرٹس اینڈ کامرس ڈگری کالج، بیلگاوی میں ڈاکٹر سید تاج الہدا محمد یوسف خطیب کو پرنسپل کے معزز اور اعلیٰ عہدے پر فائز کیا گیا ہے۔ ان کی تقرری تعلیمی حلقوں میں خوشی اور اطمینان کا باعث بنی ہے۔ ڈاکٹر موصوف طویل تدریسی، تحقیقی اور انتظامی تجربہ رکھتے ہیں اور علمی و عملی میدان میں اپنی منفرد شناخت قائم کر چکے ہیں۔
ڈاکٹر سید تاج الہدا محمد یوسف خطیب نہ صرف ایک کامیاب استاد بلکہ ایک باصلاحیت منتظم اور محقق بھی ہیں۔ انہوں نے کالج کی ترقی، تعلیمی معیار کی بہتری، نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں کے فروغ اور طلبہ کی ہمہ جہتی شخصیت سازی میں ہمیشہ مؤثر کردار ادا کیا ہے۔ ان کی قیادت، دور اندیشی اور تنظیمی صلاحیتوں کی بدولت ادارہ یقیناً ترقی کی نئی منازل طے کرے گا۔
علمی میدان میں ان کی خدمات نہایت قابلِ قدر ہیں۔ ان کی چار کتابیں یونیورسٹی کے نصاب میں شامل ہیں، جو ان کی علمی گہرائی اور تحقیقی بصیرت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ مزید برآں، وہ رانی چنما یونیورسٹی اور بگالکوٹ یونیورسٹی میں بورڈ آف ایگزامینرز (BOE) اور بورڈ آف اسٹڈیز (BOS) کے رکن کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے رہے ہیں، جہاں نصاب سازی اور امتحانی نظام کی بہتری میں ان کا نمایاں کردار ہے۔
اس موقع پر صدر انجمن اسلام بیلگام و رکنِ اسمبلی بیلگاوی نارتھ جناب آصف (راجو) سیٹھ نے ڈاکٹر موصوف کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تقرری ادارے کے لیے نیک شگون ثابت ہوگی اور ان کی قیادت میں کالج تعلیمی میدان میں نئی بلندیوں کو چھوئے گا۔ سکریٹری انجمن اسلام بیلگام جناب سمیع اللہ ماڑی والے، رکن انجمن جناب بابو لعل مجاور، جناب پٹھان صاحب اور دیگر معزز اراکین نے بھی دلی مسرت کا اظہار کیا۔
جملہ ٹیچنگ و نان ٹیچنگ اسٹاف، اساتذہ اور طلبہ نے ڈاکٹر موصوف کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ اپنی بصیرت، تجربے اور خلوص کے ساتھ ادارے کو مزید استحکام، وقار اور کامیابی سے ہمکنار کریں گے۔
آخر میں دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ ڈاکٹر سید تاج الہدا محمد یوسف خطیب کو اس اہم ذمہ داری کی ادائیگی میں کامیابی عطا فرمائے اور ان کی قیادت میں انجمن آرٹس اینڈ کامرس ڈگری کالج، بیلگاوی ترقی و کامرانی کی نئی مثال قائم کرے۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ