نئے سال کا پیغام۔۔ از قلم : ایچ ایم جعفر ۔۔
نئے سال کا پیغام۔۔
از قلم ایچ ایم جعفر ۔۔
مدیر نوائے اردو ای خبر نامہ 9545890718
سن 2025 اب رخصت ہونے کے قریب ہے، یا شاید آپ یہ تحریر پڑھ رہے ہوں تو وہ تاریخ کے اوراق میں دفن ہو چکا ہو۔ وقت کا یہ پہیہ ایک بار پھر ہمیں یاد دلا رہا ہے کہ سال بدلتے ہیں، مگر سوال وہی رہتا ہے کہ ہم خود کتنے بدلے؟ ایسے میں 2026 کی نئی صبح ہمارے دروازے پر دستک دے رہی ہے۔نئی امیدوں، نئے امکانات اور نئے امتحانات کے ساتھ۔
گزرا ہوا سال اپنے ساتھ خوشیاں بھی لایا اور غم بھی، کامیابیاں بھی ملیں اور کوتاہیاں بھی سامنے آئیں۔ کہیں ترقی کے چرچے رہے تو کہیں نفرت، تشدد اور بے چینی نے انسانیت کو شرمندہ کیا۔ نئے سال کا تقاضا یہی ہے کہ ہم ماضی سے سبق سیکھیں اور مستقبل کو بہتر بنانے کا پختہ عزم کریں۔
2026 ہم سے یہ پیغام چاہتا ہے کہ ہم نفرت کے اندھیروں سے نکل کر امن، بھائی چارے اور باہمی احترام کی روشنی کو اپنائیں۔ اختلافِ رائے کو دشمنی میں بدلنے کے بجائے برداشت اور مکالمے کو فروغ دیں، کیونکہ مضبوط سماج وہی ہوتا ہے جو اختلاف کے ساتھ جینا جانتا ہو۔
یہ نیا سال ہمیں تعلیم، اخلاق اور کردار کی اہمیت بھی یاد دلاتا ہے۔ خاص طور پر نوجوان نسل کے لیے یہ لمحۂ فکر ہے کہ وہ منفی رجحانات سے دور رہ کر علم، محنت اور مثبت سوچ کو اپنا ہتھیار بنائے۔ قوموں کی تعمیر بلند عمارتوں سے نہیں بلکہ باکردار انسانوں سے ہوتی ہے۔
آئیے 2026 کے آغاز پر ہم سب یہ عہد کریں کہ ہم مایوسی کے بجائے امید، نفرت کے بجائے محبت اور انتشار کے بجائے اتحاد کو اپنا شعار بنائیں گے۔ اگر ہم نے انسانیت، سچائی اور انصاف کو اپنا راستہ بنا لیا تو یقیناً یہ نیا سال ہمارے لیے امن، خوش حالی اور کامیابی کا پیامبر ثابت ہوگا۔
نوائے اردو ای خبر نامہ اپنے تمام قارئین کو نئے سال کی دلی مبارک باد پیش کرتا ہے اور دعا گو ہے کہ 2026 ہم سب کے لیے خیر، برکت اور روشن مستقبل لے کر آئے۔
Comments
Post a Comment