شاہ رُخ خان – دی کنگ. ازقلم : ش ر خان۔ اورنگ آباد۔
شاہ رُخ خان – دی کنگ.
ازقلم : ش ر خان۔ اورنگ آباد۔
شاہ رُخ خان کو دنیا "کنگ آف بالی وُڈ" کے نام سے جانتی ہے۔ لیکن میری نظر میں وہ صرف ایک ہیرو یا فلمی ستارہ نہیں، بلکہ ایک ایسی شخصیت ہیں جنہوں نے اپنی ذہانت اور اندازِ گفتگو سے کروڑوں دل جیت لیے ہیں۔
مجھے شاہ رُخ خان اس لیے پسند نہیں کہ وہ ایک بڑے ہیرو ہیں یا میں ان کا ہم نام ہوں، بلکہ اس لیے پسند ہیں کہ ان کا Sense of Humour بے مثال ہے۔ وہ جب بھی کسی شو یا انٹرویو میں نظر آتے ہیں تو ان کی حاضر جوابی سن کر ہر شخص مسکرا اٹھتا ہے۔ وہ ہر سوال کا جواب اتنے دلکش اور شائستہ انداز میں دیتے ہیں کہ سننے والا متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکتا۔
شاہ رُخ خان کا ایک خاص انداز ہے — وہ الفاظ کے جادوگر ہیں۔ چاہے وہ کسی انٹرویو میں بات کریں یا کسی تقریب میں تقریر، ان کے جملے ہمیشہ گہرائی رکھتے ہیں۔ وہ ہر بات کو اتنی سادگی اور خلوص سے کہتے ہیں کہ محسوس ہوتا ہے جیسے دل سے نکلی بات سیدھی دل میں اتر رہی ہو۔
ان کی گفتگو میں صرف مزاح نہیں بلکہ عقل، تجربہ اور زندگی کی سمجھ بھی جھلکتی ہے۔ وہ اپنے ماضی کی جدوجہد کو فخر سے بیان کرتے ہیں اور نوجوانوں کو یہ سبق دیتے ہیں کہ کامیابی محنت، صبر اور خوداعتمادی سے حاصل ہوتی ہے۔
بطور اداکار، شاہ رُخ خان نے بے شمار کردار نبھائے، مگر بطور انسان اُن کا کردار سب سے نمایاں ہے۔ اُن کی شخصیت ہمیں یہ سکھاتی ہے کہ حقیقی بادشاہت شہرت میں نہیں، کردار میں ہے۔
شاہ رُخ خان واقعی دی کنگ ہیں صرف بالی وُڈ کے نہیں، بلکہ دلوں کے بھی بادشاہ ہے۔
Comments
Post a Comment