پروفیسر (ڈاکٹر) محمد صادق شیخ کو "بھارت گورو سمان 2025" ایوارڈ، مصنوعی ذہانت اور روبوٹکس میں خدمات کا اعتراف.
جلگاؤں (عقیل خان بیاولی) معروف ماہر تعلیم، محقق اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ سائنسدان پروفیسر (ڈاکٹر) محمد صادق شیخ، بھوساول کو ملک کے ایک باوقار قومی اعزاز "بھارت گورو سمان 2025" سے سرفراز کیا گیا ہے۔ یہ اعزاز گورو سمان سیوا سمیتی، سرل نگر، مدھیہ پردیش کی جانب سے، حکومت ہند کی وزارت ثقافت کے اشتراک سے دیا گیا۔
ڈاکٹرصادق شیخ کی شناخت محض قومی نہیں بلکہ عالمی سطح پر قائم ہو چکی ہے۔ ان کی خدمات کا دائرہ مصنوعی ذہانت (Artificial Intelligence)، روبوٹکس (Robotics)، ہیومنائڈز (Humanoids)، بایونک برین انجینئرنگ (Bionic Brain Engineering) اور دیگر سائنسی میدانوں تک پھیلا ہوا ہے۔گزشتہ دو دہائیوں سے وہ سائنسی تحقیق و تدریس میں سرگرم عمل ہیں، اور ان کے قلم سے نکلی سینکڑوں تحریریں دنیا کی مختلف زبانوں میں شائع ہو چکی ہیں۔ ان کی تحقیقات نے نہ صرف تعلیمی حلقوں کو متاثر کیا ہے بلکہ سائنسی دنیا میں ایک نئی سمت کی نشاندہی کی ہے، خصوصاً ذہین مشینوں، خودکار نظاموں اور انسانی دماغ کی نقل کرنے والے سسٹمز پر ان کی تحقیقی کاوشیں قابلِ ستائش ہیں۔اس اعلیٰ قومی اعزاز سے سرفراز ہونا نہ صرف شہر بھوساول بلکہ پورے ملک بھارت کے لیے فخر کا مقام ہے۔ ڈاکٹر شیخ کی یہ کامیابی نوجوان نسل کے لیے بھی ایک تحریک ہے کہ کس طرح علم، تحقیق اور خلوص نیت کے ساتھ کی گئی محنت عالمی سطح پر شناخت حاصل کر سکتی ہے۔
Comments
Post a Comment