ملّت ہائی اسکول کی نارتھ مہاراشٹر یونیورسٹی کے باٹنیکل گارڈن کی سیر۔
جلگاؤں (عقیل خان بیاولی): علم سائنس مضمون میں دلچسپی پیدا کرنے بآسانی سمجھنے نیز طلبہ کو خود تجربہ،مشاہدہ کرکے معلومات فراہم کرنے اور تدریسی عمل کو مؤثر کرنے کے مقصد سے،اِمسال ملّت ہائی اسکول، مہرون، جلگاؤں کے شعبہ سائنس کے زیر اہتمام کویئتری بہینا بائی چودھری نارتھ مہاراشٹر یونیورسٹی، جلگاؤں کے نباتیاتی باغ (Botanical Garden)میں ایک سائنسی سیر کا اہتمام کیا گیا۔جس میں دسویں جماعت کے 160 طلباء وطالبات نے اپنے سائنس مضامین کے اساتذہ کرام کی نگرانی میں یونیورسٹی کے باغات میں موجود مختلف اقسام کے پودوں ، پھول، پھل، پتّے،تنے اور جڑوں وغیرہ کا تجربہ و مشاہدہ کیا۔ اس دوران طلبہ کو یونیورسٹی کی موبائل سائینسی وین میں سائنس کے تجربات کا فرسٹ ہینڈ تجربہ دیا گیا۔ اس موقع پر فزیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے پروفیسر مسٹر گھوش، الیکٹرانکس ڈیپارٹمنٹ کے پروفیسر نیٹکر اور اُن کی ٹیم موجود تھی۔ انھوں نے طلبہ کو سائینسی وین سے متعلق معلومات دی۔ اس کے بعد طلبہ کو لائف سائنسز ڈیپارٹمنٹ لے جایا گیا جہاں انہوں نے بائیو ٹیکنالوجی لیب، ٹشو کلچر لیب(Tissue Culture Lab)، بائیو کیمسٹری لیب اور یونیورسٹی میوزیم کا دورہ کیا۔ساتھ ہی یونیورسٹی کے نظام تعلیم اور انتظامیہ کو سمجھنے کا موقع ملا۔ ٹرپ انچارج مظہر سر، شعبہ سائنس کے ذمہ دار ساجد خان، سائنس مضامین کے اَساتذہ کرام عطاءالرحمٰن اور شعیب خان کے علاوہ جلیس الدین شیخ ، مسفیرہ میڈم، ثمینہ میڈم اور دیگر نے تعلیمی سیر کو کامیاب بنانے کے لیے کوششیں کیں۔
Comments
Post a Comment