محمد ظفر حیات ریاستی مثالی معلم تقسیم ایوارڈ کی پرشکوہ تقریب منعقد۔
ناگپور : (نامہ نگار) اُفق ایجوکیشن اینڈ ویلفیئر سوسائٹی کامٹی کے زیر اہتمام محمد ظفر حیات ریاستی مثالی معلم تقسیمِ ایوارڈ کی پرشکوہ تقریب منعقد کی گٸ۔ اس تقریب کا انعقاد مولانا ابوالکلام آزاد ہاٸی اسکول و جونیئرکالج، گاندھی باغ میں کیا گیا۔
تقریب کی صدارت سابق ایم ایل سی مہاراشٹر ایس۔ کیو۔ زماں نے کی۔مہمان خصوصی سینئر صحافی، شاعر و ادیب ندیم صدیقی، ممبٸ تھے۔مہمانان اعزازی انجمن حامٸ اسلام کے چیف ایکزیکیٹیو آفیسر انیس احمد، سابق ڈسٹرکٹ اینڈ ایڈیشنل سیشن جج احمد سعید، ڈاکٹر محمد اظہر حیات تھے۔اسی طرح سوساٸٹی کےصدر کلیم اختر انصاری بھی ڈاٸس پر تشریف فرما تھے۔
مہاراشٹر کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے اساتذہ کو سوساٸٹی کی جانب سے ایوارڈ پیش کرکے ان کی خدمات کا اعتراف کیا۔ سوساٸٹی نے پوری ریاست سے مثالی معلم اور صدر معلم کا انتخاب کیا اور سماج کے تئیں ان کی خدمات کو سراہا۔ تقریب کا آغاز انعام الرحیم نے تلاوتِ قرآن پاک سے کیا، سہیل انجم نے مترنم آواز میں ہدیہء نعت پیش کی۔
تقریب کے صدر ایس۔ کیو۔ زماں نے کہا کہ تمام اساتذہ کے لیے یہ ضروری ہے کہ وہ تعلیم کے نئے انداز کو سمجھیں۔ مہمانِ خصوصی ندیم صدیقی نے اساتذہ کو معاشرے کا سب سے معزز شخص قرار دیااور استاد کی قدر و منزلت پر سیر حاصل گفتگو کی مہمان اعزازی انیس احمد نے کہا کہ اساتذہ کو عزت دینا معاشرے کی بیداری کی علامت ہے۔ اسی طرح احمد سعید نے اساتذہ کو قوم کا معمار کہا اور ان کے تئیں اپنے خلوص اور جذبات کا اظہار کیا۔
ڈاکٹر اظہر حیات نے محمد ظفر حیات کی زندگی کے مختلف پہلوٶں پر منفرد انداز میں روشنی ڈالی۔
تمام مہمانوں کا استقبال سوساٸٹی کے عہدیداران و اراکین کلیم اختر انصاری، محمد عامر آفاق، نور محمد انصاری، ایڈوکیٹ محمد سعید نے نوخیز پودا، شال اور میمنٹو دے کر کیا۔ سیکرٹری محمد عامر آفاق نے سوساٸٹی کی ١١ سالہ رپورٹ پیش کی۔ بعدازاں پروفیسر محمد اسرار نے محمد ظفر حیات پر تحریر کردہ مقالہ پڑھا اور اسے سوساٸٹی کی جانب سے محمد جاوید حیات اور ڈاکٹر محمد اسعد حیات کو پیش کیا گیا۔
سابق ہیڈ ماسٹر محمد توحید الحق کامٹی اور سابق وائس پرنسپل شاہد حمید ایوبی ممبئی کو محمد ظفر حیات ریاستی لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دیا گیا۔ مولانا ابوالکلام آزاد جونیئر کالج ناگپور کے پرنسپل محمد جاوید رانا، محمد ذاکر محمد قاسم اکولا اور سید مستقیم سید منتظم امراٶتی کو محمد ظفر حیات ریاستی مثالی صدر معلم ایوارڈ سے نوازا گیا۔ کلیم احمد ناگپور، انصاری محمد رمضان مالیگاؤں، جنید عبدالقیوم شیخ شولاپور، روشن ضمیر امراٶتی، تہمینہ کوثر ناگپور، ڈاکٹر درخشاں عندلیب خان ناگپور، فہیم خاتون ناندیڑ، شہزاد احمد قریشی ناگپور اور شاہین کوثر سید خلیل ناگپور ان تمام اساتذہ کو محمد ظفر حیات ریاستی مثالی معلم ایوارڈ سےنوازا گیا۔
اس موقع پر ایوارڈ یافتگان میں سے شاہد حمید ایوبی، کلیم احمد اور محمد رمضان نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ تقریب کی کامیاب نظامت کے فراٸض نائب صدر پروفیسر محمد اسرار نے انجام دیۓ اور ہدیہء تشکر سیکریٹری محمد عامر آفاق نے پیش کیا۔ تقریب کے انعقاد میں نور محمد انصاری، ایڈوکیٹ محمد سعید، عرشیہ فاطمہ، نفیسہ محمد اسرار، شہنواز انصاری، مختار احمد، شعیب احمد، محمد عمیر آفاق، تحسین اختر وغیرہ نے اہم کردار ادا کیا۔
Comments
Post a Comment