ڈاکٹر اظہر حیات کی تصنیف "اک نئی بات نکل آئی ہے" کا اجراء۔


ناگپور ٢٤ ستمبر : (نامہ نگار) شعبہ اردو ، وسنت راؤ نائیک گورنمنٹ انسٹی ٹیوٹ آف آرٹس اینڈ سوشل سائنسز ناگپور اور پوروال کالج کامٹی کے مشترکہ تعاون سے انڈیپینڈینس ہال ناگپور میں ایک پروقار تقریب میں ڈاکٹر اظہر حیات کی تصنیف "اک نئی بات نکل آئی ہے" کا اجرا معروف صحافی و شاعر جناب ندیم صدیقی کے دست مبارک سے عمل میں آیا۔ اجراء کے بعد ندیم صدیقی صاحب نے کتاب پر اظہار خیال کرتے ہوئے کتاب کو علمی و ادبی تذکرہ سے تعبیر فرمایا موصوف نے مزید کہا کتاب میں شامل شعرائے کرام کی فہرست میں ہندوستان و پاکستان کے شعراء کے تذکرے سے معلوم ہوتا ہے کہ مصنف ادب کی سمت و رفتار سے پوری طرح باخبر ہیں۔ مصنف اظہر حیات نے کتاب کے حوالے سے اطلاع دی کہ "اک نئی بات نکل آئی ہے" تحقیقی و تنقیدی مقالات و مضامین کا مجموعہ ہے۔ اس میں ٢٩ شعراء پر مضامین شامل ہیں۔ بیشتر مضامین ایسے شعراء سے متعلق ہیں جن سے انھیں ملاقات کا شرف حاصل ہے چنانچہ کسی واقعہ کو بنیاد بنا کر شاعر کی شخصیت کو ٹٹولنے کی موصوف  نے کوشش کی ہے۔ واضح ہو کہ ڈاکٹر ریشما تزئین صدر شعبہ اردو ایل اے ڈی کالج ناگپور نے اسے مرتب کیا ہے اور جامع و مربوط پیش لفظ بھی تحریر کیا ہے۔ کتاب کی اشاعت الفاظ پبلیکیشنز کامٹی نے اہتمام سے کی ہے ۔ کتاب ٢٨٠ صفحات پر محیط ہے۔
کتاب کی پشت پر پروفیسر حمید سہروردی صاحب کی آراء شامل ہے۔ تقریب اجراء کی صدارت انسٹیٹیوٹ کے ڈائریکٹر پروفیسر منوہر کمبھارے نے فرمائی۔ جبکہ پوروال کالج کامٹی کے پرنسپل ڈاکٹر ونئے چوہان بحیثیت مہمان شریک تقریب تھے۔ تقریب کی کنوینر شعبہ اردو کی صدر ڈاکٹر نصرت مینو نے تقریب کے آغاز میں جلسے کی غرض و غایت پر روشنی ڈالی اور مہمانوں کا شاندار استقبال فرمایا ۔ نظامت کے فرائض پروفیسر محمد اسرار نے بحسن و خوبی انجام دئیے۔ تقریب کا آغاز ایم اے کے طالب علم مولانا محمد سعد کی تلاوتِ قرآن سے ہوا بعدازاں فلک نور نے بارگاہِ نبوت میں ہدیہ نعت پیش کیا۔   اس موقع پر ڈاکٹر اظہر ابرار، ڈاکٹر ربانی، توحید الحق کے ہمراہ دونوں کالجز کے معزز اساتذہ اور طلباء و طالبات کثیر تعداد میں موجود تھیں۔ نصرت مینو کے اظہار تشکر کے بعد انتہائی نظم و ضبط کے ساتھ تقریب اپنے اختتام کو پہنچی جو برسوں یاد رکھی جائے گی۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔