رئیس ہائی اسکول اینڈ جونیر کالج میں جشنِ آزادی کے موقع پر تقسیمِ انعامات و ثقافتی جلسہ کا انعقاد۔


بھیونڈی : (عبدالعزیز انصاری) جشنِ آزادی کے موقع پر رئیس ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج، بھیونڈی میں گزشتہ تعلیمی سال کے دوران تعلیمی اور ہم نصابی سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ اور دسویں و بارہویں بورڈ امتحانات میں شاندار کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے تقسیمِ انعامات و ثقافتی جلسہ کا شاندار انعقاد اردو بسیرا آڈیٹوریم میں کیا گیا۔ تقریب میں طلبہ کی تعلیمی کامیابیوں کو سراہنے کے ساتھ ساتھ ان کی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے رنگارنگ ثقافتی پروگرام بھی پیش کیا گیا۔
تقریب کی صدارت رئیس ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کے چیئرمین یاسر تاتلی نے کی، جبکہ فہد بوبیرے(خازن کے ایم ای سوسائٹی) بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ مہمانانِ اعزازی میں اسکول کمیٹی کے رکن عرفان برڈی، ندیم تاسے، اسماعیل بوبڑے اور ادارے کے پرنسپل ضیاء الرحمٰن انصاری شامل تھے۔
پروگرام کا آغاز شیخ احمد اللہ وصی اللہ اور مومن یونس اسجد کی تلاوتِ کلامِ پاک اور ترجمے سے ہوا۔ ادارے کے سربراہ ضیاء الرحمٰن انصاری نے گلدستہ پیش کر کے مہمانان کا استقبال کیا۔
تقریب کا ایک اہم حصہ طلبہ کی شاندار ثقافتی پیشکشوں پر مشتمل تھا۔ مختلف جماعتوں کے طلبہ نے اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے ترانۂ رئیس، مہاراشٹر گیت، غزلیں اور حب الوطنی کے نغمے پیش کیے۔جسے حاضرین نے پسند کیا اور طلبہ کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔
تقریب کے دوران جماعت پنجم سے بارہویں تک اپنی اپنی جماعت میں اول، دوم اور سوم مقام حاصل کرنے والے طلبہ کو انعامات اور اعزازات سے نوازا گیا۔ اس موقع پر دسویں اور بارہویں بورڈ امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کی خصوصی پذیرائی بھی کی گئی۔ انعامات کی تقسیم کا مقصد طلبہ کی محنت کو سراہنے کے ساتھ دیگر طلبہ میں بھی تعلیمی مسابقت اور کامیابی کے جذبے کو فروغ دینا تھا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدرِ جلسہ یاسر تاتلی نے نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کو مبارکباد پیش کی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے کہا کہ کامیابی محض خواہش سے حاصل نہیں ہوتی بلکہ اس کے لیے مسلسل محنت، نظم و ضبط، مستقل مزاجی اور اساتذہ کی رہنمائی ضروری ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنی کامیابیوں کو منزل کا اختتام نہ سمجھیں بلکہ مزید بلند اہداف کے حصول کے لیے محنت جاری رکھیں۔ نظامت کے فرائض عامر قریشی نے نہایت عمدگی اور پُراعتماد انداز میں انجام دیے۔ وائس پرنسپل عامر صدیقی نے مہمانانِ گرامی، اساتذہ، طلبہ اور تمام معاونین کا شکریہ ادا کیا۔
تقریب کا اختتام راشٹر گان کے ساتھ ہوا۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔