جامعہ اسلامیہ احیاء العلوم میں یومِ آزادی کی پروقار تقریب - ملک و قوم کی تعمیر و ترقی کے لیے طلبہ علم اور کردار کو اپنا شعار بنائیں : مقررین۔
دیوکیرہ روڈ، رنگم پیٹ، 15 اگست 2026ء (نامہ نگار: رہبر تماپوری): جامعہ اسلامیہ احیاء العلوم (طیبہ ٹرسٹ)، جامعہ نگر کے احاطے میں یومِ آزادی کے موقع پر ایک باوقار تقریب منعقد ہوئی۔ پروگرام کا آغاز صبح قومی پرچم کشائی سے ہوا۔ بانیٔ جامعہ الحاج محمد عثمان حسین تالیکوٹی نے قومی پرچم لہرایا، جس موقع پر مہتممِ جامعہ حافظ اصغر حسین تالیکوٹی، نگرانِ معلمین، اساتذۂ کرام، طلبہ اور تمام شرکاء نے مل کر ترانۂ ہند پیش کیا۔
ترانۂ ہند کے بعد تلاوتِ کلامِ پاک سے باضابطہ کارروائی کا آغاز ہوا۔ طلبہ نے اردو، انگریزی اور کنڑا، تینوں زبانوں میں آزادی کی اہمیت، حب الوطنی اور شہری ذمہ داریوں کے موضوعات پر پُرجوش تقاریر پیش کیں اور ملی نغمے پیش کیے۔ حاضرین اور اساتذہ نے کم عمر طلبہ کے پُراعتماد انداز اور فکری پیشکش کو خوب سراہا۔
اس موقع پر مہتممِ جامعہ و دیگر معلمین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی ایک عظیم نعمت ہے اور ملک کی پائیدار ترقی کے لیے نئی نسل کا تعلیم یافتہ، باکردار اور پُرامن ہونا ناگزیر ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اعلیٰ تعلیم اور اخلاقی تربیت کے ذریعے خود کو ملک و قوم کی خدمت کے لیے تیار کریں۔
پروگرام کے اختتام پر مہتممِ جامعہ مولوی حافظ اصغر حسین تالیکوٹی نے ملک کی سلامتی، امن و خوش حالی، جامعہ کی ترقی اور طلبہ و اساتذہ کی کامیابی کے لیے رقت آمیز دعا فرمائی۔
دعا کے بعد تمام اساتذۂ کرام، طلبہ اور دیگر شرکاء میں مٹھائی تقسیم کی گئی، جس کے ساتھ ہی تقریب خوش گوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔
نامہ نگار: رہبر تماپوری
Comments
Post a Comment