آرکاٹ میونسپل مسلم بوائز پرائمری اسکول کا تعلیمی معائنہ، طلبہ کی تعلیمی استعداد کا جائزہ۔
تملناڈو سے محمد رضوان اللہ کی رپورٹ :
رانی پیٹ ضلع کے آرکاٹ میونسپل مسلم بوائز پرائمری اسکول کا آج ویلور اردو سرکل کے بلاک ایجوکیشن آفیسر جناب ناصرالدین صاحب نے دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اسکول میں زیرِ تعلیم طلبہ کی تعلیمی استعداد، پڑھنے، لکھنے اور سیکھنے کی صلاحیتوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
معائنے کے دوران بلاک ایجوکیشن آفیسر نے مختلف جماعتوں کے طلبہ سے سوالات کیے اور ان کی تعلیمی کارکردگی کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے اساتذہ کو ہدایت دی کہ جو طلبہ تعلیمی لحاظ سے پیچھے ہیں، ان پر خصوصی توجہ دی جائے، ان کے لیے اضافی تدریسی سرگرمیوں کا اہتمام کیا جائے اور ان کی تعلیمی بہتری کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کی بھرپور حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی اور کہا کہ مسلسل محنت اور اساتذہ کی رہنمائی سے طلبہ مزید کامیابیاں حاصل کر سکتے ہیں۔
اس کے بعد جناب ناصرالدین صاحب نے اسکول میں فراہم کیے جانے والے سرکاری دوپہر کے غذائی منصوبے (مڈ ڈے میل) کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے کھانے کے معیار، صفائی، غذائیت اور انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد اطمینان کا اظہار کیا اور متعلقہ عملے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کو معیاری اور صحت بخش غذا فراہم کی جا رہی ہے، جو قابلِ ستائش ہے۔
اس موقع پر اسکول کے اساتذہ نے بلاک ایجوکیشن آفیسر کا خیرمقدم کیا اور انہیں اسکول کی تعلیمی سرگرمیوں، طلبہ کی پیش رفت اور مختلف فلاحی اقدامات سے آگاہ کیا۔
Comments
Post a Comment