ایک رشتہ ختم ہوا، زندگی نہیں - از قلم : رہبر تماپوری۔
ایک رشتہ ختم ہوا، زندگی نہیں -
از قلم : رہبر تماپوری۔
رابطہ: 8431012141
زندگی ایک مسلسل بہاؤ کا نام ہے، جو کسی حادثے، جدائی یا رشتے کے اختتام پر نہیں رکتی۔ اس سفر میں انسان پر بسا اوقات ایسے کٹھن مراحل آتے ہیں جو بظاہر اس کی ہمت کا شیرازہ بکھیر دیتے ہیں۔ مثال کے طور پر، ایک خاتون کو پہلے نکاح میں دھوکا ملے اور وہ درد و کرب سے گزر کر خود کو سنبھالے، پھر دوبارہ نکاح کے بعد شوہر کی ناگہانی وفات کا صدمہ بھی جھیلنا پڑے تو اس کے لیے زندگی کا سفر انتہائی دشوار ہو جاتا ہے۔ مگر رشتوں کا ختم ہونا یا اپنوں کا بچھڑ جانا کبھی زندگی کا اختتام نہیں ہوتا۔
غم کتنا ہی گہرا کیوں نہ ہو، ہر گزرتی سانس یہ پیغام دیتی ہے کہ زندگی ابھی باقی ہے۔ رشتے کا ٹوٹنا ایک گہرا زخم ضرور ہے، لیکن جب تک حیات کا ربط قائم ہے، امید کے دروازے بھی کھلے رہتے ہیں۔
ایسے حالات میں معاشرے کا فرض ہے کہ متاثرہ فرد کو طعنوں، سوالات اور قیاس آرائیوں کے بجائے حوصلہ، عزت اور ہمدردی دے۔ خاص طور پر عورت کو دوسری شادی کے فیصلے پر ملامت کرنے کے بجائے اسے باوقار نئی زندگی کا حق دیا جائے۔ دوسری شادی کمزوری نہیں، بلکہ زندگی کو نئے سرے سے سنوارنے کی جائز کوشش ہے۔
اصل سکون خدا کی ذات پر کامل یقین، صبر اور توکل میں پنہاں ہے۔ مایوسی کو ترک کرکے رب کے فیصلے پر بھروسا اور نئے عزم کے ساتھ آگے بڑھنا ہی حقیقی کامیابی ہے، کیونکہ ایک رشتہ ختم ہوا ہے، زندگی نہیں۔
Comments
Post a Comment