سیرتِ نبوی ﷺ کے ہر پہلو کو زندگی میں اپنانا ضروری ہے: مولانا مفتی سید شاہ صغیر احمد نقشبندی کاخطاب
بیدر، 24 اگست (نامہ نگار) نجم المحدثین حضرت علامہ مولانا مفتی سید شاہ صغیر احمد نقشبندی، شیخ الحدیث جامعہ نظامیہ حیدرآباد نے کہا کہ سیرتِ رسولِ اکرم ﷺ صرف آپ ﷺ کے معمولاتِ زندگی جاننے کا نام نہیں بلکہ آپ ﷺ کی محبت، اخلاق، صداقت، امانت اور تعلیمات کو عملی زندگی میں اپنانے کا نام ہے۔ میلاد النبی ﷺ کا مبارک مہینہ ہمارے لیے نعمت، برکت اور سعادت کا مہینہ ہے اور محافلِ میلاد کا مقصد دلوں میں محبتِ رسول ﷺ کو مزید مضبوط کرنا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار نبی خانہ مبارک بیدر میں جناب الحاج ڈاکٹر سید حسام الدین قادری عزیر، صدر قاضی بیدر کی نگرانی میں منعقدہ دسویں محفلِ میلاد بعنوان ’’سیرتِ نبوی ﷺ ہر دور کے لیے بہترین نظامِ حیات‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مولانا نے کہا کہ قرآنِ مجید نے حضور اکرم ﷺ کی عظمت بیان کرتے ہوئے فرمایا: «إِنَّ اللَّهَ وَمَلَائِكَتَهُ يُصَلُّونَ عَلَى النَّبِيِّ»۔ سیرتِ نبوی ﷺ کے مختلف پہلوؤں کا تذکرہ ایمان کی نورانیت اور محبت میں اضافہ کا ذریعہ بنتا ہے۔ آپ ﷺ کی عملی سیرت میں عبادت، معاملات، کھانا پینا، چلنا، سلام کرنا اور حسنِ اخلاق سب شامل ہیں، جبکہ معجزات اور جمالِ مبارک بھی سیرت کا اہم حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کے دشمن بھی آپ ﷺ کی صداقت و امانت کے معترف تھے۔ ہجرت کے انتہائی نازک وقت میں بھی اہلِ مکہ کی امانتیں آپ ﷺ کے پاس موجود تھیں، جنہیں حضرت علیؓ کے ذریعے ان کے مالکان تک پہنچانے کا انتظام فرمایا گیا۔ اس سے سیرتِ نبوی ﷺ میں صداقت و امانت کی عظمت واضح ہوتی ہے۔ حضرت بلالؓ کی محبتِ رسول ﷺ کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صحابۂ کرامؓ کا حضور ﷺ سے تعلق محض زبانی نہیں بلکہ گہری محبت و عقیدت پر مبنی تھا۔ سیرت کے واقعات سننے سے دل میں محبتِ رسول ﷺ پیدا اور ایمان مضبوط ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میلاد النبی ﷺ کی محافل کو صرف ایک موقع تک محدود نہیں کرنا چاہیے بلکہ ان کے پیغام کو پوری زندگی میں جاری رکھنا چاہیے۔ عبادات کے ساتھ اخلاق بھی درست ہوں؛ مسجد، محفل، جلوس اور دیگر مواقع پر لڑائی جھگڑے کے بجائے محبت، تحمل اور حسنِ اخلاق کا مظاہرہ کیا جائے۔ مسلمان کی پہچان اس کے اچھے اخلاق اور کردار سے ہونی چاہیے۔ مولانا مفتی سید شاہ صغیر احمد نقشبندی نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنی اولاد اور نئی نسل کی دینی و اخلاقی تربیت پر خصوصی توجہ دیں، بچوں کے عقائد مضبوط کریں اور انہیں سیرتِ رسول ﷺ سے وابستہ رکھیں۔ انہوں نے علماء و ائمہ سے تعلق مضبوط رکھنے اور دینی رہنمائی حاصل کرنے کی بھی تلقین کی۔ آخر میں انہوں نے محفل کے منتظمین، ڈاکٹر الحاج سید حسام الدین قادری عزیر صدر قاضی بیدر اور ان کے رفقاء کی دینی و اصلاحی کاوشوں کو سراہتے ہوئے مبارکباد پیش کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مسلمانوں کے دلوں کو محبتِ رسول ﷺ سے منور فرمائے اور سیرتِ طیبہ پر عمل کی توفیق عطا فرمائے۔معروف عالم دین مولانا مفتی محمد فیاض الدین نظامی صدر نائب قاضی بیدر نے تعاروفی خطاب کیا.قراءت،نعت سلام فاتحہ شکریہ کے ساتھ یہ روحانی محفل تکمیل ذیر ہوئی.
Comments
Post a Comment