یو۔ای۔ایس مہیلا مہاودیالیہ میں پہلی بار "بزمِ فارسی ادب" کا افتتاح اور ڈاکٹر سمیہ باغبان کی کتاب ’’فارسی ادب پارے‘‘ کی شاندار رسمِ اجرا۔
یو۔ای۔ایس مہیلا مہاودیالیہ میں پہلی بار "بزمِ فارسی ادب" کا افتتاح اور ڈاکٹر سمیہ باغبان کی کتاب ’’فارسی ادب پارے‘‘ کی شاندار رسمِ اجرا۔
سولاپور : یو۔ای۔ایس مہیلا مہاودیالیہ، سولاپور کے شعبۂ فارسی کے زیرِ اہتمام کالج میں پہلی بار "بزمِ فارسی ادب" کا باقاعدہ افتتاح اور معروف مصنفہ ڈاکٹر سمیہ باغبان کی تصنیف ’’فارسی ادب پارے‘‘ کی شاندار رسمِ اجرا عمل میں آئی۔ تقریب میں فارسی زبان و ادب کی اہمیت، اس کے فروغ اور طلبہ میں ادبی ذوق و شوق پیدا کرنے پر خصوصی زور دیا گیا۔
تقریب کی صدارت کالج کی پرنسپل ڈاکٹر زینب نائب نے کی، اور محترم رفیق خان صاحب، رکن کل ہند اردو ادبی کانفرنس، سولاپور نے بطور مہمانِ اعزازی شرکت کی۔ تقریب کے خصوصی مہمان ڈاکٹر ہارون رشید باغبان، پرنسپل ایم۔اے۔ پانگل اینگلو اردو ہائی اسکول و جونیئر کالج آف آرٹس اینڈ سائنس، سولاپور تھے۔
تقریب کا آغاز تلاوت کلام سے ہوا. بی اے سال اول کی طالبہ منتشا فنی بند نے تلاوت کلام پیش کی. شعبہ فارسی کی پروفیسر ڈاکٹر سمیہ باغبان نے مہمانوں کا استقبال اور تعارف پیش کیا بعدازاں معزز مہمانوں کی گلپوشی کی گئی۔ اس موقع پر ڈاکٹر زینب نائب اور ڈاکٹر ہارون رشید باغبان کی جانب سے مصنفہ ڈاکٹر سمیہ باغبان کی گلپوشی کرتے ہوئے ان کی علمی و ادبی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کی گی اور کتاب کی اشاعت پر انہیں مبارکباد دی گئی۔
کتاب ’’فارسی ادب پارے‘‘ پر تبصرہ کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر محمد شفیع چوبدار نے مصنفہ کی علمی و ادبی کاوش کو سراہا اور کتاب کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ فارسی ادب کے مطالعے سے طلبہ کے علمی افق میں وسعت پیدا ہوتی ہے اور انہیں برصغیر کی عظیم ادبی و تہذیبی روایت سے واقفیت حاصل ہوتی ہے۔
اس موقع پر ڈاکٹر ہارون رشید باغبان نے مصنفہ ڈاکٹر سمیہ باغبان کو کتاب کی تخلیق پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’’صحیح رہبر ملے تو تخلیق کار کی صحیح رہنمائی ہوتی ہے۔‘‘ انہوں نے فارسی زبان و ادب کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے طلبہ کو فارسی ادب کے مطالعے اور ادبی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی تلقین کی۔ انہوں نے ڈاکٹر سمیہ باغبان کی ادبی کاوش کو سراہتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
صدرِ تقریب ڈاکٹر زینب نائب نے اپنے صدارتی خطاب میں شعبۂ فارسی کی اس کاوش کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ کالج میں پہلی مرتبہ بزمِ فارسی ادب کا قیام طلبہ کے لیے ایک اہم علمی و ادبی موقع ہے۔ انہوں نے ڈاکٹر سمیہ باغبان کو کتاب کی اشاعت پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ایسی سرگرمیاں طلبہ میں تخلیقی صلاحیتوں، مطالعے اور ادبی شعور کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
تقریب میں ڈاکٹر رفیق خان، پروفیسر ڈاکٹر محمد شفیع چوبدار، ڈاکٹر ہارون رشید باغبان، ڈاکٹر امر دکشت، پروفیسر ثمینہ سید، پروفیسر صدف باغبان سمیت دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کی نظامت ڈاکٹر صدف آراء چوبدار نے انجام دی، جبکہ پروگرام کی کنوینر ڈاکٹر سمیہ باغبان، اسسٹنٹ پروفیسر، شعبۂ فارسی، یو۔ای۔ایس مہیلا مہاودیالیہ، سولاپور تھیں۔
تقریب کے اختتام پر مہمانوں، اساتذہ اور طلبہ کا شکریہ ادا کیا گیا۔ بزمِ فارسی ادب کا قیام اور ’’فارسی ادب پارے‘‘ کا رسمِ اجرا شعبۂ فارسی کی جانب سے فارسی زبان و ادب کے فروغ کی سمت ایک اہم اور یادگار قدم قرار دیا گیا۔
Comments
Post a Comment