بھیم آرمی تنظیم کی سیاسی حکمرانی ہمارا ہدف، نوجوان متحد ہوکر اپنے حقوق کی جنگ لڑیں سدھو راون - بھیم آرمی بھارت ایکتا مشن کی ظہیرآباد ٹاؤن نئی کمیٹی تشکیل، محمد علیم حسین (علی تلوار ) ظہیرآباد ٹاؤن صدر مقرر۔
ظہیرآباد، 19/اگست (نمائندہ) بھیم آرمی (بھارت ایکتا مشن) ظہیرآباد ٹاؤن کی نئی کمیٹی تشکیل دی گئی۔ بھیم آرمی مرکزی چیف چندرشیکھر آزاد راون اور قومی صدر ونے رتن سنگھ کی ہدایات کے مطابق تلنگانہ ریاستی بھیم آرمی چیف سدھو راون کی صدارت میں منعقدہ اس اجلاس میں ظہیرآباد ٹاؤن کی نئی کمیٹی کا اعلان کیا گیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے تلنگانہ ریاستی بھیم آرمی چیف سدھو راون نے کہا کہ سماج کے نظام میں حقیقی تبدیلی کے بغیر مکمل آزادی کا تصور ادھورا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عظیم سماجی مصلح جیوتی راؤ پھولے کی زندگی اور نظریات کو مشعلِ راہ بناتے ہوئے بھیم آرمی سماجی انصاف، مساوات اور سماج کے حقوق کے لیے اپنی جدوجہد کو مزید مضبوط کرے گی اور
انہوں نے کہا کہ بھیم آرمی کی حکمرانی قائم کرنا تنظیم کا بنیادی مقصد ہے۔ نوجوانوں کو بیدار اور متحد کرنے کی ضرورت ہے، کیونکہ نوجوان طاقت کو منظم کرکے ہی سماج میں مثبت تبدیلی لائی جاسکتی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے ووٹ کی طاقت کو سمجھیں اور جمہوری نظام میں فعال کردار ادا کریں۔
سدھو راون نے کہا کہ جمہوری ملک میں اپنے مسائل اور حقوق کے بارے میں سوال کرنا ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم غلام نہیں، بلکہ حکمرانی میں اپنا حصہ دار بننے کے لیے آگے بڑھیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان اگر متحد ہوکر اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کریں تو بھیم آرمی کو سیاسی طور پر مضبوط بنایا جاسکتا ہے۔
اس موقع پر ظہیرآباد ٹاؤن بھیم آرمی کی نئی کمیٹی کا اعلان کرتے ہوئے محمد علیم حسین(علی تلوار ) کو ظہیرآباد ٹاؤن صدر مقرر کیا گیا۔ تنظیم کے ذمہ داران نے نومنتخب صدر کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ ظہیرآباد میں تنظیم کو مزید مضبوط بنانے، نوجوانوں کو متحد کرنے اور سماجی انصاف کے لیے سرگرمیوں کو فروغ دینے میں مؤثر کردار ادا کریں گے۔
اجلاس میں بھیم آرمی کے قائدین بالراجو، جے پال، راہول، سدھارتھ، رویندر، رام چندر، محمد فاروق، محمد صدام حسین، محمد شفیع حسین، محمد جمیل، عبدالغفار، محمد مزار، محمد رئیس سمیت دیگر کارکنان و حامیوں نے شرکت کی۔
نئی کمیٹی کی تشکیل کے موقع پر کارکنان نے تنظیم کو نچلی سطح تک مضبوط بنانے، بھیم آرمی کی سیاسی و سماجی شعور بیداری پیدا کرنے اور محروم طبقات کے حقوق کے لیے جمہوری و آئینی دائرے میں جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔۔۔۔
Comments
Post a Comment