گرو نانک پبلک اسکول اوراد (بی) میں انویسٹیچر تقریب کا انعقاد، طلبہ کو قیادت و ذمہ داری کا حلف دلایا۔
بیدر، 7 اگست (نامہ نگارمحمد عبدالصمد) گرو نانک پبلک اسکول، اوراد (بی) میں آج جمعہ 7 اگست کو انویسٹیچر تقریب کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں نو منتخب طلبہ عہدیداروں کو ذمہ داریوں کا حلف دلایا گیا۔ تقریب کا آغاز شمع روشن کرنے سے ہوا، بعد ازاں طلبہ نے مارچ پاسٹ پیش کیا۔
اس موقع پر مہمانِ خصوصی سی پی آئی راگھوویر سنگھ ٹھاکر نے خطاب کرتے ہوئے طلبہ کو محنت، نظم و ضبط، مثبت سوچ اور بلند مقاصد کے ساتھ تعلیم حاصل کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ آج کے طلبہ ہی کل کے ذمہ دار شہری ہیں، اس لیے انہیں ملک و قوم کی خدمت کا جذبہ اپنے اندر پیدا کرنا چاہیے۔ انہوں نے ماحولیاتی تحفظ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ہر طالب علم کو ایک پودا لگا کر اس کی حفاظت کرنے کا بھی مشورہ دیا۔
اسکول کی نائب صدر ڈاکٹر ریشما کور نے نو منتخب طلبہ عہدیداروں سے حلف لیا۔ اپنے صدارتی خطاب میں انہوں نے طلبہ کو محنت، دیانت، والدین و اساتذہ کے احترام، اعلیٰ کردار اور تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی کے لیے ہمیشہ کوشاں رہنے کی تلقین کی۔
تقریب میں اسکول انتظامیہ، اساتذہ، طلبہ اور دیگر معززین نے شرکت کی۔ آخر میں نو منتخب عہدیداروں کو مبارکباد پیش کی گئی اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔
Comments
Post a Comment