رئیس ہائی اسکول میں لغت سے الفاظ کے معنی تلاش کرنے کی عملی سرگرمی کا انعقاد۔


بھیونڈی : (عبدالعزیز انصاری) رئیس ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج، بھیونڈی میں طلبہ کی زبان دانی، ذخیرۂ الفاظ اور خود سیکھنے کی صلاحیت کو فروغ دینے کے مقصد سے ششم جماعت کے طلبہ کے لیے لغت دیکھنے اور معنی تلاش کرنے کی ایک منفرد اور مفید تعلیمی سرگرمی کا انعقاد اسکول لائبریری میں کیا گیا۔ سرگرمی ششم جماعت کی اردو زبان دانی کی درسی کتاب ”بال بھارتی“ کے سبق ”آئیے لغت دیکھیں“ پر مبنی تھی، جس میں طلبہ نے نہایت جوش و خروش اور دلچسپی کے ساتھ حصہ لیا۔
اس موقع پر اردو کی معلم فیض فقیہ نے طلبہ کو لغت کے درست اور مؤثر استعمال کا عملی طریقہ سمجھایا۔ طلبہ نے حروفِ تہجی کی ترتیب کو مدِنظر رکھتے ہوئے مختلف الفاظ لغت میں تلاش کیے، ان کے معنی اور درست تلفظ معلوم کیے اور حاصل شدہ معلومات کو اپنی تعلیمی سرگرمی میں استعمال کیا۔ طلبہ نے خود الفاظ تلاش کرنے اور ان کے معنی دریافت کرنے میں بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔
اس عملی سرگرمی کے ذریعے طلبہ کو یہ سمجھنے کا موقع ملا کہ لغت محض الفاظ کے معنی معلوم کرنے کی کتاب نہیں، بلکہ زبان سیکھنے، درست تلفظ سمجھنے اور اپنے ذخیرۂ الفاظ میں اضافہ کرنے کا ایک مؤثر ذریعہ بھی ہے۔ اس سرگرمی نے طلبہ میں جستجو، مشاہدہ اور خود سیکھنے کا جذبہ پیدا کیا۔
اردو کی معلم فیض فقیہ نے کہا کہ اس طرح کی عملی اور سرگرمی پر مبنی تدریس سے طلبہ میں خود اعتمادی، تحقیق کا شوق اور خود سیکھنے کی عادت پروان چڑھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کو عملی طور پر لغت استعمال کروانے کا بنیادی مقصد انہیں اس قابل بنانا ہے کہ وہ مستقبل میں کسی نئے یا مشکل لفظ کا معنی خود تلاش کر سکیں اور زبان پر اپنی گرفت مضبوط بنا سکیں۔
اس تعلیمی سرگرمی کے دوران طلبہ کی فعال شرکت، جوش و خروش اور دلچسپی قابلِ ذکر رہی۔ اسکول انتظامیہ نے اس سرگرمی کو سراہتے ہوئے کہا کہ کتابی تعلیم کے ساتھ عملی تجربات طلبہ کی فکری، لسانی اور تعلیمی صلاحیتوں کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔