آدمی عمر سے نہیں علم سے بڑا ہوتاہے، طلبہ تعلیم کے حصول کی طرف متوجہ ہوں - مستعید پورہ سرکاری اُردواسکول بیدر میں منعقدہ تقریب سے یوسف رحیم بیدری، حیدرعلی شاکر اور عبدالسلیم کاخطاب۔
بیدر۔ 8/اگست (پریس نوٹ) آدمی عمر سے نہیں علم سے بڑا ہوتاہے اورعلم پر مبنی تہذیب طالب علم کو ایک اچھا شہری بناتی ہے۔ یہ بات ریاست کرناٹک کے نامور شاعر وادیب جناب محمدیوسف رحیم بیدری نے کہی۔ وہ آج سرکاری اردو ہائیرپرائمری اسکول مستعید پورہ بیدر میں یاران ِ ادب اور کلیان کرناٹک اردو جرنلسٹ اسوسی ایشن بیدر کے اشتراک سے منعقدہ کاپیاں اور قلم کی تقسیم تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے آگے بتایاکہ محلہ مستعید پورہ میں اس وقت قابل ترین اور پڑھے لکھے ڈاکٹر س، انجینئر س اور اساتذہ کااضافہ ہوگیاہے۔ ان سے مقابلہ کرتے ہوئے آپ طلبہ کو اور بھی آگے
جاناہے تاکہ مستعید پورہ قابل ترین اور پڑھے لکھے افراد کی آماجگاہ بن سکے۔ انھوں نے طلبہ کو تعلیم یافتہ پیشے سے وابستہ رہنے اور غیرتعلیم یافتہ پیشے سے ترک تعلق کرنے کی تلقین کی۔
مستعیدپورہ سرکاری اسکول بیدر کے سابق طالب علم جناب عبدالسلیم اسد(وظیفہ یاب صدرمعلم) نے اپنے خطاب میں طلبہ سے کہاکہ میں نے اس اسکول میں چہارم سے ساتویں تک تعلیم حاصل کی ہے۔
میرے علاوہ بھی کئی اساتذہ اورآج کے حفاظ مستعیدپورہ اسکول سے فارغ ہوئے ہیں۔ موصوف نے طلبہ سے کئی ایک سوالات پوچھے۔آخر میں جناب حیدرعلی شاکر ای سی او برائے دفتر BEOبیدر نے اپنے خطاب میں طلبہ کو تلقین کی کہ وہ تعلیم کی طرف پوری طرح متوجہ ہوں۔ حکومت آپ کو دوپہر کاگرم کھانا دے رہی ہے۔ یونیفارم دے رہی ہے اور شوز اور ساکس دے رہی ہے۔ کتابیں بھی مفت دے رہی ہے۔ اور قابل ترین اساتذہ آپ کو ہر دن پڑھانے میں لگے ہوئے ہیں۔ اب یہ آپ طلبہ کی ذمہ داری ہے کہ پڑھیں اور دل لگاکر پڑھیں۔ تقریب کی صدارت محترمہ صفورہ بیگم ہیڈمسٹریس نے کی۔تمام طلبہ میں کاپیاں اورپین تقسیم کئے گئے۔ تقریب کاآغاز تلاوت قرآن پاک اور حمدونعت سے ہوا۔ جس کو طلبہ نے اچھے طریقے سے پڑھا۔ تقریب کی نظامت ٹیچر طاہرہ بیگم نے کی۔ دیگر اساتذہ میں شکیل جعفری TGT، صباحت فرحین، ریون سدپا (فزیکل ٹیچر)، اور گورماں (کنڑا ٹیچر) موجودتھے۔
Comments
Post a Comment