بارگاہِ حضرت سیدنا تاج الدین شیرسوار المعروف حضرت سیدنا راجہ باگؒ میں ہر جمعہ بعد نمازِ مغرب روحانی و اصلاحی محفل کا انعقاد۔
بیدر، 7 /اگست (نامہ نگار) بسواکلیان کی تاریخی و روحانی بارگاہِ حضرت سیدنا تاج الدین شیرسوار المعروف حضرت سیدنا راجہ باگ سوار رحمۃ اللہ علیہ کی مسجد میں ہر جمعہ بعد نمازِ مغرب روحانی و اصلاحی محفل کا باقاعدگی سے انعقاد کیا جاتا ہے، جہاں عقیدت مندوں، نوجوانوں اور عوام الناس کی بڑی تعداد شرکت کرکے دینی و روحانی فیوض و برکات حاصل کرتی ہے۔
محفل کا آغاز تلاوتِ قرآنِ مجید سے ہوتا ہے، جس کے بعد مجلسِ نعت خوانی، میلاد خوانی اور درود شریف کی روح پرور محفل منعقد ہوتی ہے۔ بعد ازاں مورثی سجادہ نشین و متولیِ بارگاہ، پیرِ طریقت، رہبرِ شریعت حضرت مولانا خواجہ ضیاء الحسن جاگیردار شاہ منور چشتی نظامی شیرسواری، حضرت افضل پیر رحمۃ اللہ علیہ کے درسِ قرآن کی روشنی میں حاضرین کو رشد و ہدایت، اسلامی تعلیمات، ادب و اخلاق، حسنِ کردار، دینی شعور اور عملی زندگی کے اہم پہلوؤں پر نہایت مؤثر انداز میں تربیت فراہم کرتے ہیں۔ اس دوران قرآن و سنت کی روشنی میں مختلف دینی و شرعی مسائل کے جوابات بھی دئے جاتے ہیں. اور اسلامی و دینی معلومات سے حاضرین کو مستفید کیا جاتا ہے۔
یہ روحانی و اصلاحی محفل ہر جمعہ بعد نمازِ مغرب مسجدِ بارگاہ حضرت سیدنا راجہ باگ سوار رحمۃ اللہ علیہ میں منعقد کی جاتی ہے، جس کا مقصد معاشرے میں دینی شعور بیدار کرنا، نوجوان نسل کو اسلامی تعلیمات سے روشناس کرانا اور محبتِ رسولِ اکرم ﷺ، اتباعِ سنت اور اعلیٰ اخلاق کو فروغ دینا ہے۔
آخر میں بارگاہ کی جانب سے تمام عاشقانِ رسول ﷺ، خصوصاً نوجوانوں اور طلبہ سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس بابرکت محفل میں پابندی کے ساتھ شرکت کریں، قرآن و سنت کی تعلیمات سے اپنے ایمان کو تازگی بخشیں اور اپنی دینی، اخلاقی اور روحانی زندگی کو سنوارنے کی سعادت حاصل کریں۔
Comments
Post a Comment