سولاپور اردو گھر دورہ مہم کے سلسلے میں ہیڈ ماسٹرز ایسوسی ایشن کے ساتھ اہم میٹنگ - اردو مدارس کے طلبہ و اساتذہ کو اردو گھر کی علمی، ادبی و ثقافتی سرگرمیوں سے روشناس کرانے کا عزم۔


سولاپور، 22 اگست 2026 : (اقبال باغبان) "اردو گھر دورہ مہم کمیٹی" کے کنوینر ڈاکٹر محمد شفیع چوبدار، ڈاکٹر ہارون رشید باغبان اور ڈاکٹر سرفراز بلول خان کی پہل پر آج بروز ہفتہ، 22 اگست کو دوپہر کے وقت سولاپور ہیڈ ماسٹرز ایسوسی ایشن کے عہدیداران و ذمہ داران کے ساتھ ایک اہم میٹنگ کا انعقاد عمل میں آیا۔ میٹنگ نہایت خوشگوار، علمی، ادبی اور تعلیمی ماحول میں منعقد ہوئی۔
میٹنگ میں اردو گھر دورہ مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس مہم کا بنیادی مقصد سولاپور کے اردو مدارس کے طلبہ اور اساتذہ کو اردو گھر کا مطالعاتی و تعلیمی دورہ کرانا اور انہیں اردو گھر میں دستیاب مختلف علمی، ادبی، ثقافتی اور تعلیمی سہولیات سے روشناس کرانا ہے۔
اس موقع پر بتایا گیا کہ اردو گھر میں قائم کتب خانہ، اسٹڈی سینٹر، آڈیٹوریم ہال اور دیگر تعلیمی و ثقافتی سہولیات اردو زبان و ادب کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ مہم کے ذریعے بالخصوص اردو مدارس کے طلبہ اور اساتذہ کو اردو گھر کے معیاری کتب خانے، مطالعہ کی سہولیات، اسٹڈی سینٹر اور ثقافتی سرگرمیوں سے استفادہ کرنے کی ترغیب دی جائے گی۔
میٹنگ میں یہ بھی طے پایا کہ تمام اردو مدارس کو مرحلہ وار اردو گھر کا دورہ کرایا جائے گا۔ ابتدا میں اردو اساتذہ کا دورہ منعقد کیا جائے گا تاکہ اساتذہ اردو گھر کی مختلف سہولیات اور سرگرمیوں سے مکمل طور پر واقف ہوں، اس کے بعد مدارس کے طلبہ کے مطالعاتی دوروں کا اہتمام کیا جائے گا۔
دورے کے دوران ہر مدرسے کے طلبہ کی جانب سے مختصر ثقافتی پروگرام بھی پیش کیا جائے گا، جس سے طلبہ میں اردو زبان و ادب، تہذیب و ثقافت اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ اس کے ساتھ اساتذہ طلبہ کو اردو گھر کی علمی و ادبی سرگرمیوں میں شرکت اور وہاں موجود سہولیات سے بھرپور استفادہ کرنے کی ترغیب دی جاے گی۔
میٹنگ میں شریک تمام اساتذہ اور ذمہ داران نے اردو گھر دورہ مہم کو کامیاب بنانے کے لیے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ اردو گھر کی علمی و ادبی خدمات کو زیادہ سے زیادہ اردو طلبہ، اساتذہ اور عوام تک پہنچانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
میٹنگ میں ڈاکٹر ہارون رشید باغبان، سرفراز بلول خان، شعیب بلول خان، ساجد شاہ بھائی امتیاز شابدی، خلیل دھوٹےگر، مظہر شاہ پورے معراج تنبولی شاہد لالکوٹ، اسماعیل ڈونڈگاونکر، ڈاکٹر محمد شفیع چوبدار اور ناظم اردو گھر و ناظم کتب خانہ ساحر نداف سمیت دیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔
میٹنگ کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ اردو گھر کو اردو طلبہ و اساتذہ کے لیے علمی، ادبی اور ثقافتی سرگرمیوں کا مؤثر مرکز بنانے اور اس کی سہولیات سے زیادہ سے زیادہ افراد کو مستفید کرنے کے لیے اردو گھر دورہ مہم کو بھرپور انداز میں آگے بڑھایا جائے گا۔


Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔