بیاول میں میلادالنبی ﷺ کے موقع پر مفت حجامہ کیمپ کامیاب - "خدمتِ خلق اور طبِ نبوی ﷺ کے فروغ کی قابلِ تقلید کاوش"
جلگاؤں (عقیل خان بیاولی): صحت و تندرستی اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے اور اسلامی تعلیمات میں انسانی صحت کی حفاظت اور ضرورت مندوں کی خدمت کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ اسی جذبۂ خدمتِ خلق کے تحت جشنِ عید میلادالنبی ﷺ کے بابرکت موقع پر "علیشان فیملی و جیلانی مشن" کے زیرِ اہتمام بیاول کے اسلام پورہ میں مفت میڈیکل چیک اَپ، فٹنس اور حجامہ کیمپ کا انعقاد عمل میں آیا، جسے عوامی حلقوں نے ایک دینی، طبی اور فلاحی خدمت قرار دیتے ہوئے سراہا۔مفت حجامہ کیمپ کا مقصد عید میلادالنبی ﷺ کی خوشیوں کو محض تقریبات تک محدود رکھنے کے بجائے خدمتِ انسانیت اور ضرورت مند افراد تک طبی سہولت پہنچانا تھا۔ منتظمین کے مطابق عوام کو بلا معاوضہ طبی معائنہ، حجامہ اور حسبِ ضرورت بنیادی ادویات فراہم کرنا اس کیمپ کا بنیادی مقصد تھا، تاکہ کم وسائل رکھنے والے افراد بھی صحت سے متعلق ضروری سہولیات سے استفادہ کرسکیں۔ کیمپ میں ڈاکٹر شیخ شاداب فاروق اور ڈاکٹر نوید شیخ نے بعد نمازِ ظہر سے قبل از غروبِ آفتاب تک اپنی طبی خدمات انجام دیں۔ اس دوران مختلف اقسام کے کم و بیش 50 مریضوں کا طبی معائنہ کیا گیا، ضرورت کے مطابق حجامہ کیا گیا اور بنیادی ادویات بھی فراہم کی گئیں۔ ڈاکٹروں نے مریضوں کی صحت سے متعلق ضروری رہنمائی بھی کی۔ اس طرح طبی ماہرین نے اپنی صلاحیتوں کو خدمتِ خلق کے لیے وقف کرکے عملی طور پر انسان دوستی اور ہمدردی کا پیغام عام کیا۔ اس موقع پر موجود معززین نے کہا کہ ”تندرستی ہزار نعمت ہے“ بظاہر ایک مختصر جملہ ہے، لیکن اس میں صحت کی قدر و قیمت کا گہرا پیغام پوشیدہ ہے۔ عوام کو مفت طبی سہولت فراہم کرنا، بالخصوص حجامہ جیسی روایتی اسلامی طبی طریقۂ علاج سے استفادہ کا موقع دینا، ایک قابلِ تعریف اور قابلِ تقلید اقدام ہے۔ میلادالنبی ﷺ کے موقع پر خدمتِ خلق کے ایسے پروگرام سیرتِ طیبہ ﷺ کے انسانی ہمدردی، اخوت اور خیر خواہی کے پیغام کو عام کرنے کا مؤثر ذریعہ بن سکتے ہیں۔ کیمپ کے موقع پر ڈاکٹر شکیل سعید، شکیل خان، اقبال خان، موظف صدر مدرس اسماعیل شیخ، ذاکر ممبر سمیت اہلِ علاقہ اور شہر کے دیگر معززین موجود تھے۔ کیمپ کی کامیابی کے لیے موظف معلم عبدالطیب شیخ کی نگرانی میں جنید احمد، اکرم خان، عرفان خان، تنویر خان، ارمان خان، مشرف شیخ اور اسلام پورہ و سعید پورہ کے نوجوانوں نے بھرپور محنت اور تعاون کیا۔ مقررین و شرکائے کیمپ نے اس امر کا اظہار کیا کہ میلادالنبی ﷺ کے مقدس موقع پر مفت طبی خدمت، ضرورت مندوں کی مدد اور صحت سے متعلق شعور بیدار کرنے جیسی سرگرمیاں معاشرے میں خیر، اخوت اور باہمی تعاون کو فروغ دیتی ہیں۔ انہوں نے "علیشان فیملی و جیلانی مشن " اور تمام معاونین کی اس فلاحی کاوش کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ایسے خدمتِ خلق کے پروگرام جاری رہیں گے، تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد بلا معاوضہ طبی سہولیات سے مستفید ہوسکیں۔
Comments
Post a Comment