سرکاری گرلز ہائی اسکول بیدر نے جناب حیدرعلی، یوسف رحیم بیدری اور اسدسلیم کوتہنیت پیش کی۔
بیدر۔ 29/اگست (راست) گنڈپا ہوڈگے پرنسپل KPS(کرناٹک پبلک اسکول)گرلز ہائی اسکول(اُردو /کنڑا) بیدرمیں آج یاران ِا دب اور عائشہ جیوتی سوسائٹی کی جانب سے طالبات میں ٹواِن ون کاپیاں تقسیم کی گئیں۔ طالبات سے خطاب کرتے ہوئے جناب اسدسلیم مؤظف مدرس نے کہاکہ آپ کے ہائی اسکول آکر ملاقات کرکے بے انتہامسرت ہوئی۔ آپ کے پاس ڈاکٹر تاج الدین، ثروت بیگم اور مہ جبین صاحبہ جیسی قابل اور دوراندیش ٹیچرس ہیں۔ جوآپ کو سرپرستوں کی نظرسے بھی دیکھتے ہیں۔ آپ ان کی قدر کریں۔ شاعروادیب جناب محمدیوسف رحیم میرؔ بیدری سکریڑی یاران ِا دب بیدر نے اپنے خطاب میں طالبات سے کہاکہ ”مجھے شاعر کے طورپر متعارف کروایاگیاہے تو یہ بھی بتاتاچلوں کہ شعر کہنے سے ذہنی دباؤ ختم ہوجاتاہے۔ فارسی کے ایک ایسے شاعر بھی گزرے ہیں جنہوں نے ایک رات میں ایک ہزار شعر کہے۔ ہم نے بھی کوشش کی لیکن 173اشعار سے آگے نہیں بڑھ سکے۔ مجموعی طورپر جو طالبات شعر کہنا چاہتی ہیں ضرور کہیں“اس موقع پر جناب بیدر نے اپنی غزلیں طالبات کو سنائیں جس سے وہ کافی محظوظ ہوئیں۔ خصوصاً دکنی غزلوں نے ان کادِل شاد کردیا۔ جناب حیدرعلی سوداگر ای سی او برائے دفترBEOبیدر نے اپنے خطاب میں طالبات کو روزانہ اسکول آنے اورخوب دل لگاکر پڑھنے کی تلقین کی۔یاران ادب اور عائشہ جیوتی سوسائٹی کی جانب سے طالبات میں ٹواِن ون کاپیوں کی تقسیم عمل میں آئی۔ اس موقع پر جناب حیدرعلی سوداگر، جناب یوسف رحیم بیدری اور جناب اسدسلیم کی شالپوشی اور گلپوشی ہائی اسکول کے ذمہ داران کی جانب سے کرتے ہوئے ان کے کام کو سراہاگیااور ان سے دوبارہ ہائی اسکول تشریف لاکر طالبات کی رہنمائی کرنے کی استدعا کی گئی۔ اس موقع پر وائس پرنسپل جناب سوریہ کانت سنگھے، معلمین میں ڈاکٹر تاج الدین،جناب پرکاش تانڈلے،محترمہ مہ جبین اورمحترمہ ثروت بیگم صا حبہ موجود تھیں۔تقریب کی کارروائی ڈاکٹر تاج الدین صاحب نے چلائی۔
Comments
Post a Comment