کے کے اردو گرلز ہائی اسکول میں ’’نشہ مُکت بھارت عہد‘‘ کا انعقاد -
جلگاؤں، (عقیل خان بیاولی) : نشہ آور اشیاء کے بڑھتے ہوئے استعمال اور نوجوان نسل کو اس کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنے کے مقصد سے کے کے اردو گرلز ہائی اسکول و ڈاکٹر شاہین قاضی گرلز جونیئر کالج، جلگاؤں میں ’’نشہ مُکت بھارت ابھیان‘‘ کے تحت نشہ مُکت بھارت عہد کا انعقاد عمل میں آیا۔ جو پرنسپل تنویـر جہاں شیخ کی رہنمائی میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے پرنسپل تنویر جہاں شیخ نے کہا کہ آج معاشرے کا نوجوان طبقہ مختلف قسم کی نشہ آور اشیاء اور عادات کا شکار ہوتا جا رہا ہے، جو نہ صرف اس کی صحت بلکہ پورے خاندان اور معاشرے کے مستقبل کے لیے بھی ایک سنگین خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کو نشے کی لعنت سے پاک کرنے کے لیے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ والدین، بزرگوں اور اپنے ساتھیوں کو بھی نشہ سے پاک زندگی کی اہمیت سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس موقع پر مشتاق بہشتی نے اساتذہ اور طالبات کو نشہ سے پاک معاشرے کے قیام کا عہد دلایا۔ انہوں نے صحت مند اور خوشحال زندگی کے لیے نشہ سے دور رہنے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے طالبات کو نشہ آور اشیاء کے نقصانات سے آگاہ کیا۔
پروگرام میں معلمات شیخ نازیہ کوثر، شیخ ثمینہ پروین اور سیدہ رضوانہ سمیت تدریسی عملہ اور طالبات موجود تھیں۔ پروگرام کی کامیابی کے لیے مشتاق بہشتی اور محسن شاہ نے محنت کی۔اس موقع پر طالبات نے *نو ٹو ڈرگس یس ٹو لائف* ، نشہ مکت خاندان سکھی خاندان، نشہ چھوڑوں خاندان جوڑوں کے نعرے لگائے ۔
Comments
Post a Comment