محسن انسانیت محمد ﷺ بلا لحاظ مذہب و ملت ہر جاننے والے آپ ﷺ کو سچے اور مانت دار کہتے تھے - جلسہ جشن میلاد النبیﷺ منعقدہ مسجد اہل بیت بیدرسے اقبال الدین انجینئر کا خطاب۔
بیدر۔ 24/ اگست(نامہ نگار)۔ سیرت نبویﷺ در حقیقت اس پیغام ربانی کے عملی پَر تَو سے عبارت ہے جسے رسول اللہ ﷺنے انسانی جمعیت کے سامنے پیش کیا تھا۔ آپ ﷺ محسن انسانیت ہیں۔ آپ ﷺ کی شخصیت کا اعتراف ہر جاننے والا یہ کہتا تھا کہ آپ سچے اور امانت دار ہیں۔ حضرت جابر بن سمرہؓ کا بیان ہے کہ میں نے ایک بار چاندنی رات میں آپ ﷺ کو دیکھا، آپ ﷺ پر سرخ جوڑا تھا، میں رسول اللہ ﷺ کو دیکھتا اور چاند کو دیکھتا آخر اس نتیجہ پر پہنچا کہ آپ ﷺ چاند سے زیادہ خوبصورت ہیں۔ اللہ نے قرآن میں خود اس طرح تعریف فرمائی ہے ”یقینا آپ عظیم اخلاق پر ہیں“ کسی نے آپ ﷺ کی تعریف میں کیاخوب کہا ہے ”قاری نظر آتا ہے حقیقت میں ہے قرآن“ ان خیالات کا اظہارجناب اقبال الدین MIEانجینئر اسلامک اسکالر نے اپنے خطاب کے دوران کیا۔ موصوف نے مزید فرمایا کہ حقیقت یہ ہے کہ رسول اللہ ﷺ کی حیات مبارکہ کے اتنے گوشے ہیں اور ہر گوشے کے اتنے پہلو ہیں کہ کبھی یہ کوئی دعویٰ نہیں کر سکتا کہ میں نے آپ ﷺکی سیرت سنانے کا حق ادا کر دیا۔ آپ کی ذات گرامی ہر مسلمان کے لیے اسوہ حسنہ، اسلامی تعلیمات اور ہدایت کا مکمل نمونہ ہے۔ جس کا ذکر سورہ احزاب میں اللہ تعالیٰ نے اس طرح کیا ہے ”در حقیقت تم لوگوں کے لیے اللہ کے رسول ﷺ میں ایک بہترین نمونہ ہے۔“ جس طرح اللہ نے انسانوں کو پیدا کیا اور ان میں سے انبیاء کرام کو منتخب فرمایا یہ انتخاب و اختیار اللہ کی عظیم حکمتوں اور مصلحتوں پر مبنی ہے ا ور یہ اللہ کا انتخاب عام سارے عالم میں اس کی ربویت کی عظیم ترین نشانیوں میں سے ہے اور اس کی وحدانیت، صفات کمال اور رسولوں کی سچائی کہ کھلی دلیل ہے۔ اللہ نے ابراہیم ؑ اور محمد ﷺ کو اپنا خلیل منتخب فرمایا۔ اور محمد ﷺ کی امت کوبہترین امت کہا۔ کیونکہ آپ ﷺ نے فرمایا ہے کہ ہم سترویں امت ہیں اور اللہ کے نزدیک سب سے بہتر اور باعزت ہیں۔ پاک ہے اللہ جس کی حکمت عقل و دانش سے بالا تر ہے۔ ہم رسو ل اللہ ﷺ کی پیغمبرانہ زندگی کو دو حصوں میں تقسیم کر سکتے ہیں، جو ایک دوسرے سے مکمل طور پر نمایاں اور ممتاز تھے۔ وہ دونوں حصے یہ ہیں۔ مکی زندگی 13سال اور مدنی زندگی 10سال۔ آخر میں میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو حضور اکرم ﷺ کے اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے اور اسے ہماری اخروی زندگی کے لیے بہترین زاد راہ و شمع ہدایت بنائے۔ آمین۔
Comments
Post a Comment