میلاد النبی ﷺ محبتِ رسول ﷺ اور اتباعِ سنت کا پیغام ہے: مولانا محمد مصطفیٰ شریف کا خطاب۔
بیدر،27/ اگست (نامہ نگارمحمد عبدالصمد) نبی خانہ مبارک بیدر میں عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر منعقدہ جلسۂ میلادالنبیﷺکی سرپرستی قاضی ڈاکٹر سید سراج الدین قادری عمران اور قاضی سید نعیم الدین پرویز نے کی، جبکہ قاضی ڈاکٹر سید حسام الدین قادری عزیر، صدر قاضی بیدر نے نگرانی فرمائی۔ کارروائی کا آغاز سید ادریس قادری کی تلاوتِ کلام پاک سے ہوا۔ قاضی سید معین الدین حمزہ، قاضی سید حارث الدین قادری اور محمد عبید اللہ خان عطاری نے نعتِ رسول ﷺ پیش کی۔ مولانا مفتی محمد فیاض الدین نظامی،صدر نائب قاضی، نے استقبالیہ خطاب کیا، جبکہ قاضی سید اویس احمد قادری نے مہمانوں کا استقبال اور انتظامات کی نگرانی فرمائی۔حضرت مولانا محمد مصطفیٰ شریف ڈائرکٹردائرۃالمعارف عثمانیہ یونیورسٹی،اسکالرای ٹی وی اردو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی آمد پوری انسانیت کے لیے اللہ تعالیٰ کا عظیم احسان ہے۔ میلاد النبی ﷺ کا مقصد محبتِ رسول ﷺ کو تازہ کرنا، آپ ﷺ کی سیرت و تعلیمات کو سمجھنا اور زندگی میں اتباعِ سنت کو اختیار کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف محبت کا دعویٰ کافی نہیں بلکہ حقیقی محبت وہ ہے جو انسان کو سنتِ رسول ﷺ پر عمل کی طرف لے جائے۔ امت کی فلاح و بقا قرآن و سنت سے وابستگی اور رسول اکرم ﷺ کی اتباع میں ہے۔ انہوں نے فتحِ مکہ کا واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں نے حضور ﷺ اور صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم کو شدید تکالیف پہنچائیں، فتح کے دن بھی آپ ﷺ نے انتقام کے بجائے رحمت، عفو و درگزر کا مظاہرہ فرمایا۔ سیرتِ مصطفیٰ ﷺ ہمیں دشمنوں کے ساتھ بھی حسنِ سلوک، صبر اور عفو کا درس دیتی ہے۔ حضرت حسان بن ثابت رضی اللہ عنہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ بارگاہِ رسالت ﷺ کے عظیم نعت گو صحابی تھے اور اپنی شاعری کے ذریعے عشقِ رسول ﷺ کا اظہار کرتے تھے۔ مسلمانوں کو اپنی زبان کو درود و سلام، ذکرِ رسول ﷺ اور اچھی باتوں کے لیے استعمال کرنا چاہیے۔ مولانا محمد مصطفیٰ شریف نے کہا کہ مسلمانوں کو اپنے بچوں کی تربیت محبتِ رسول ﷺ، اہلِ بیتِ اطہار سے محبت، قرآنِ مجید کی تلاوت اور سنتِ نبوی ﷺ کی پیروی پر کرنی چاہیے۔ آج امت کو قرآن سے وابستگی، سنت سے قربت، اتحاد، صبر اور باہمی محبت کی پہلے سے زیادہ ضرورت ہے۔ دنیا میں مسلمانوں کی عزت اور کامیابی اسی وقت ممکن ہے جب وہ اپنے آقا ﷺ کی تعلیمات کو عملی زندگی کا حصہ بنائیں۔ جناب سید شاہ معین الدین حسینی المعروف حسین چشتی، جانشینِ سجادہ نشین درگاہ حضرت خواجہ ابوالفیض بیدر نے وَمَا أَرْسَلْنَاكَ إِلَّا رَحْمَةً لِّلْعَالَمِينَ کی روشنی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور اکرم ﷺ تمام جہانوں کے لیے رحمت بن کر تشریف لائے۔ آپ ﷺ کی رحمت انسانوں کے ساتھ چرند و پرند تک کے لیے عام ہے۔ انہوں نے محبت و ادبِ رسول ﷺ کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ حضور ﷺ کا ادب و تعظیم ایمان کا لازمی حصہ ہے اور نئی نسل کو محبتِ رسول ﷺ کے ساتھ قرآن و اہلِ بیت کی محبت کی تعلیم دینا ضروری ہے۔ انہوں نے وطن عزیز ہندوستان میں امن اور غزہ و فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ میلاد النبی ﷺ کی برکت سے اللہ تعالیٰ دنیا میں امن و سلامتی عطا فرمائے۔ جلسہ کے بعد قاضی ڈاکٹر سید حسام الدین قادری عزیر کی نگرانی میں آثارِ موئے مبارک ﷺ کی زیارت بصد عقیدت و احترام کروائی گئی۔ رات دیر گئے سلام و فاتحہ کے بعد جلسہ کی کارروائی اختتام پذیر ہوئی۔
Comments
Post a Comment