رائل گرلز اردو اسکول میرا روڈ میں محترم حامد اقبال صدیقی کا ترغیبی لیکچر۔


رائل گرلز اردو اسکول میرا روڈ میں محترم حامد اقبال صدیقی کا ترغیبی لیکچر۔

میرا روڈ : (راست) رائل گرلز اردو اسکول، میرا روڈ میں 24 اگست 2026 بروز پیر جماعت پنجم تا نہم کی طالبات کے لیے اردو زبان، جنرل نالج اور شخصیت سازی کے موضوع پر معروف ادیب و شاعر محترم حامد اقبال صدیقی کا خصوصی ترغیبی لیکچر منعقد کیا گیا۔

اپنے منفرد، پُرکشش اور شگفتہ اندازِ گفتگو میں حامد اقبال صدیقی صاحب نے طالبات سے جنرل نالج، اچھے اقدار، مطالعے کی عادت اور مثبت و تخلیقی سوچ کی اہمیت پر گفتگو کی۔ انہوں نے طالبات کو تلقین کی کہ کامیاب شخصیت بننے کے لیے محض نصابی کتابوں کا مطالعہ کافی نہیں، بلکہ اپنے اردگرد کے حالات، دنیا اور معاشرے سے باخبر رہنا بھی ضروری ہے۔ انہوں نے خاص طور پر  اردو زبان کا تحفظ اور فروغ ہماری ذمہ داری ہے، اور ہمیں اردو اسکول میں تعلیم حاصل کرنے پر فخر ہوناچاہیے، اس بات پر زور دیا۔

لیکچر کو مزید دلچسپ اور یادگار بنانے کے لیے انہوں نے کھیل کے انداز میں ایک پُرمزاح اور معلوماتی کوئز بھی منعقد کیا، جس میں طالبات کے دو گروہ بناۓ گئے۔ سبھی نے نہایت جوش و خروش سے حصہ لیا۔ درست جوابات پر طالبات کی حوصلہ افزائی نے پروگرام کی رونق دوبالا کر دی۔

حامد اقبال صدیقی صاحب کے مخصوص انداز و مزاج کے مطابق اس نشست میں ڈھیر ساری چاکلیٹس، ڈھیر سارا دھمال اور بہت ساری معلومات کا خوب صورت امتزاج دیکھنے کو ملا۔ علمی گفتگو کے ساتھ ان کی شگفتگی اور بے تکلف انداز نے طالبات کو نہ صرف محظوظ کیا بلکہ سیکھنے کے عمل کو بھی خوش گوار بنا دیا۔
یہ نشست طالبات کے لیے معلومات، تفریح، مطالعے کی ترغیب اور شخصیت سازی کا ایک یادگار امتزاج ثابت ہوئی۔ اسکول کی مینیجنگ ٹرسٹی محترمہ عقیلہ عبدالستار، سیکنڈری  اسکول پرنسپل محترمہ انجم پروین، پرائمری اسکول پرنسپل زاہدہ شیخ اور سپروائزر صبا شاداب کی جانب سے معزز حامد اقبال صدیقی کا بہت بہت شکریہ۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔