بیدر میں ماہِ ربیع الاول کے سلسلے میں محافل میلاد النبی ﷺ کا پُرشکوہ انعقاد، یکم ربیع الاول سے محافل میلاد کا آغاز۔


 بیدر۔ 13/اگست (محمدیوسف رحیم بیدری) بیدر میں عاشقانِ رسول کی دل کی دھڑکن اور عقیدتوں کے مرکز ”نبی خانہ“ روبرو مدرسہ محمود گاواں، بیدر، کرناٹک میں ماہِ ربیع الاول1448 ہجری  کے بابرکت آغاز پر محافلِ میلاد النبی ﷺ کا ایک عظیم الشان اور روح پرور سلسلہ حسب عمل درآمد قدیم منعقد کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے کی تمام محافل کا آغاز شب ٹھیک9بجے ہوگا۔شیڈول کے مطابق محافل کا آغاز یکم ربیع الاول 1448ھ بروز ہفتہ مولانا مفتی محمد خواجہ معین الدین نظامی، ناظم معھدانورا لقرآن بیدرکے خطاب سے ہوگا، جن کا موضوع ”آمد مصطفیٰ سے کائنات میں نور“ ہوگا۔ ۲/ربیع الاول بروز اتوار مولانا مفتی حافظ محمد جاوید احمد نظامی امام وخطیب موتی مسجد (کالی مسجد) بیدر ”رحمت عالم اور انسانیت پر احسانات'' عنوان پر روشنی ڈالیں گے۔ ۳/ ربیع الاول بروز پیر مولانا مفتی حافظ محمد فیاض الدین نظامی نائب قاضی خطیب جامع مسجد بیدر، ”اولاد کی تربیت، سیرت رسول کی روشنی میں“عنوان پرخطاب فرمائیں گے۔ ۴/ ربیع الاول بروز منگل حضرت مولانا مفتی سید سراج الدین نظامی کامل الحدیث کا خطاب ”اتباع سنت،محبت رسول کا تقاضہ“ کے موضوع پر ہوگا۔ ۵ /ربیع الاول بروز چہارشنبہ مولانا مفتی محمد لطیف احمد قادری ”معیشت کے متعلق امت کے لیے نبوی ہدایات“ پر بیان فرمائیں گے۔اس کے تسلسل میں ایک دن بعد یعنی ۷ /ربیع الاول بروز جمعہ مولانا مفتی محمد حنیف قادری نظامی ”سیرت و عظمت خاندان مصطفیٰ ﷺ“بیان کریں گے۔ ۸ /ربیع الاول بروز ہفتہ مولانا سید شاہ من اللہ علوی شطاری ”غزوات سے حاصل ہونے والے اسباق“پر روشنی ڈالیں گے۔ ۹/ ربیع الاول بروز اتوار حضرت مفتی محمد مجیب خان نقشبندی نظامی ”سیرت ازواج مطہرات و عصر حاضر میں خواتین کے مسائل“کے موضوع پر خطاب فرمائیں گے۔ ۰۱/ ربیع الاول بروز پیر نجم المحدثین مفتی حافظ سید شاہ صغیر احمد صاحب شیخ الحدیث جامعہ نظامیہ حیدرآباد’’سیرت نبوی ﷺ ہر دور کے لیے بہترین نظام حیات“ عنوان پر تفصیلی گفتگو کریں گے۔ محافل میلاد النبی ﷺ کی آخری اور مرکزی تقریب ۲۱/ ربیع الاول1448ھ بروز چہارشنبہ ”جشن عید میلاد النبی ﷺ“ پرڈاکٹر محمد مصطفی شریف صاحب ڈائرکٹر دائرۃ المعارف عثمانیہ یونیورسٹی حیدرآباد خصوصی خطاب فرمائیں گے۔اس بات کی اطلاع نبی خانہ محمدآباد بیدر میں آج دوپہر ایک پریس کانفرنس کے ذریعہ صدرقاضی بیدر ڈاکٹر سید حسام الدین عزیر قادری نے دی اور اس موقع پر محافل میلادالنبی ﷺ کے پوسٹر کی رسم اجراء اردو صحافیوں کے ساتھ انجام دی گئی۔ بعدازاں بتایاکہ12/ ربیع الاول 1448ھ بروز جمعرات بعد نمازِ عشاء ان شاء اللہ تعالیٰ موئے مبارکِ سرکارِ دو عالم ﷺ کی زیارت کروائی جائے گی۔ منتظمین نے شمع رسالت کے پروانوں اور بادہ ء توحید کے متوالوں سے پرخلوص اپیل کی ہے کہ وہ کثیر تعداد میں مع دوست و احباب ان بابرکت محافل میں شرکت کر کے دارین کی سعادت اور ثواب حاصل کریں۔ خواتین کے لیے جلسہ گاہ میں پردے کا معقول اور بہترین انتظام رہے گا۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔