اللہ کے حکم اور نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کی روشنی میں زندگی گزاریں : ضیاء الدین صدیقی - وحدت اسلامی ہند کی کل ہند مہم "پیغامِ رحمتِ عالم ﷺ" کے تحت جلگاؤں میں خصوصی نشست کا انعقاد.


جلگاؤں (عقیل خان بیاولی) وحدت اسلامی ہند کی جانب سے ماہِ ربیع الاول کے مبارک موقع پر 16 تا 26 اگست 2026ء ملک گیر سطح پر جاری مہم "پیغامِ رحمتِ عالم ﷺ" کے سلسلے میں خودکشی، نشے کی لعنت، دختر کشی اور ماحولیاتی آلودگی جیسے اہم سماجی مسائل پر بیداری پیدا کرنے کے لیے جلگاؤں کی مسجد ارقم میں ایک ایمان افروز نشست کا انعقاد کیا گیا۔
امیرِ وحدت اسلامی ہند ضیاء الدین صدیقی کی آمد پر شہر کے معززین سے ملاقات و گفتگو کے لیے منعقدہ اس نشست کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا۔ آیتِ کریمہ "وَلَا تَقْتُلُوا أَنْفُسَكُمْ" (اور اپنے آپ کو ہلاک نہ کرو) کے حوالے سے شیخ محمود نے مہم کے اغراض و مقاصد اور مختلف سرگرمیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی، جبکہ حذیفہ شیخ نے نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی۔ اس موقع پر کلیدی خطاب کرتے ہوئے امیرِ وحدت اسلامی ہند ضیاء الدین صدیقی نے کہا کہ ہماری نسبت ایمان سے شروع ہوتی ہے اور ایمان کے بعد انسانیت کے بغیر کوئی بھی مشن کامیاب نہیں ہوسکتا۔ مسلمانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ نبی کریم ﷺ کے رحمت و انسانیت پر مبنی پیغام کو عام کریں۔ انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ کی ذاتِ مبارکہ ہمارے لیے بہترین نمونۂ حیات ہے اور ہمیں اللہ کے احکامات اور نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کی روشنی میں زندگی گزارنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ آج دنیا سنگین سماجی اور صحت کے بحرانوں سے دوچار ہے، جن میں خودکشی، رحمِ مادر میں بچیوں کا قتل، نشے کی لعنت اور ماحولیاتی آلودگی نمایاں ہیں۔ انہوں نے دختر کشی کو جدید دور کی جاہلیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ بیٹے اور بیٹی کی پیدائش میں تفریق معاشرتی ناانصافی ہے۔ نشہ بندی کے لیے صرف قانون کافی نہیں بلکہ ایمان اور اخلاقی تربیت بھی ضروری ہے، کیونکہ نشہ پوری انسانیت کے لیے ایک تباہ کن بحران بن چکا ہے۔ موصوف نے اس ضمن میں مختلف حوالوں اور اعداد و شمار کے ذریعے رہنمائی فرمائی۔
ماحولیاتی آلودگی کے موضوع پر بھی انہوں نے توجہ دلاتے ہوئے ماحول کے تحفظ اور قدرتی وسائل کی حفاظت کی ضرورت پر زور دیا۔ نشست میں جمعیت علماء ہند (ارشد مدنی گروپ) کے ریاستی نائب صدر مفتی محمد ہارون ندوی، مفتی افضل خان، مولانا مزمل ندوی، سید چاند، قاری مشتاق، ڈاکٹر منہاج پٹیل، اقبال وزیر، صحافی سعید پٹیل، صحافی مشتاق کریمی، فیروز خان، ہیڈ ماسٹر عارف محمد، پرنسپل شکیل، پرنسپل ریاض شاہ، پرنسپل نعیم بشیر سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔ نشست کی نظامت ابراہیم شیخ نے انجام دی، جبکہ اختتام پر ضیاء الدین صدیقی کی مختصر دعا کے ساتھ یہ روح پرور محفل اختتام پذیر ہوئی۔ پروگرام کو کامیاب بنانے میں ڈاکٹر جاوید شیخ، شکیل خان، فاروق عثمان شیخ، عتیق احمد، محمد جاوید اور وحدت اسلامی ہند کے دیگر کارکنان نے اہم کردار ادا کیا۔ بعد ازاں شرکاء کے اعزاز میں دعوتِ ظہرانہ کا اہتمام بھی کیا گیا۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔