کے۔کے۔ اردو گرلز ہائی اسکول میں منشیات سے پاک زندگی کا پیغام - "برہما کماریز کی جانب سے ۳۰۳ طالبات کو نشہ سے پاک زندگی کا حلف۔
جلگاؤں، (عقیل خان بیاولی): جلگاؤں کے کے۔کے۔ اردو گرلز ہائی اسکول و جونیئر کالج میں نشہ مُکت بھارت ابھیان کے تحت برہما کماریز شاخ جلگاؤں کی جانب سے طالبات کے لیے ’نشہ سے پاک زندگی‘ کے موضوع پر ایک خصوصی رہنمائی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ پرنسپل تنویر جہاں شیخ کی رہنمائی میں منعقدہ اس پروگرام میں ۳۰۳ طالبات کو نشہ سے دور رہنے اور صحت مند و بااصول زندگی گزارنے کی قسم دلائی گئی۔ اس موقع پر برہما کماریز کی اشونی دیدی اور پائل کوئیلا دیدی بطورِ خاص موجود تھیں۔ اشونی دیدی نے ۳۰۳ طالبات سے خطاب کرتے ہوئے نشہ آور اشیاء کے مضر اثرات پر روشنی ڈالی اور نشہ سے پاک زندگی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ صرف تمباکو، گٹکا اور دیگر منشیات ہی نہیں بلکہ موجودہ ڈیجیٹل دور میں موبائل فون کا بے جا اور ضرورت سے زیادہ استعمال بھی ایک نقصان دہ عادت بن سکتا ہے، اس لیے طالبات کو اس کے غیر ضروری استعمال اور دیگر بری عادات سے خود کو محفوظ رکھنا چاہیے۔
انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ اپنے قیمتی وقت کا بہتر استعمال تعلیم، مطالعہ، کھیل، فنون اور دیگر تعمیری و سماجی سرگرمیوں میں کریں۔ اچھی عادات کو اپناتے ہوئے صحت مند، خوشحال، بااصول اور نظم و ضبط سے بھرپور زندگی گزارنے کا عزم کریں۔ پروگرام کی کامیابی کے لیے شیخ نازیہ کوثر اور پروفیسر مشتاق بہشتی نے خصوصی محنت کی۔ پروگرام کے اختتام پر شیخ نازیہ کوثر نے مہمانانِ خصوصی، اساتذہ اور طالبات کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر طالبات نے نشہ آور اشیاء سے مکمل طور پر دور رہنے، بری عادات سے بچنے اور صحت مند و بااصول زندگی گزارنے کا عزم کیا۔
Comments
Post a Comment