سیرتِ طیبہ ﷺ کی روشنی میں اسوۂ حسنہ پر ایمان، فکری و عملی انقلاب وقت کی اہم ضرورت پر مقررین کا خطاب۔
ظہیرآباد 24/ اگست (نمائندہ) امتِ مسلمہ کی سربلندی اور کامیابی کا راز رسول اللہ ﷺ کی تعلیمات سے مضبوط وابستگی اور آپ ﷺ کے اسوۂ حسنہ کو عملی زندگی میں اختیار کرنے میں مضمر ہے۔ محض زبانی طور پر محبتِ رسول ﷺ کا اظہار کافی نہیں بلکہ اس محبت کا حقیقی تقاضا یہ ہے کہ مسلمان اپنی زندگی کے ہر شعبۂ حیات میں سنتِ رسول ﷺ کی پیروی کو اختیار کریں۔ فرائض کی پابندی، حقوق العباد کی ادائیگی، حسنِ اخلاق، سچائی، امانت داری اور معاشرے میں خیر و بھلائی کا فروغ ہی محبتِ رسول ﷺ کے عملی مظاہر ہیں ان خیالات کااظہار جماعتِ اسلامی ہند شعبۂ خواتین ساؤتھ ظہیرآباد کے زیرِ اہتمام اسلامک سنٹر شانتی نگر ظہیرآباد میں منعقدہ جلسہ سیرت النبی ﷺ سے محترمہ فردوس زہرہ جبین صاحبہ ضلعی ناظمہ جماعت اسلامی ہند سنگاریڈی نے اپنے صدارتی خطاب میں کیا۔انہوں نے خواتین کی ذمہ داریوں پر خصوصی توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ ماں، بہن، بیٹی اور بیوی کی حیثیت سے خواتین نئی نسل کی تربیت میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔ اگر گھروں میں سیرتِ رسول ﷺ کو زندہ کیا جائے، بچوں کو نبی کریم ﷺ کے اخلاق و کردار سے روشناس کرایا جائے اور محبتِ رسول ﷺ کو محض الفاظ کے بجائے عمل و کردار کے ذریعے نئی نسل تک منتقل کیا جائے تو ایک صالح، باکردار اور مضبوط معاشرے کی بنیاد رکھی جاسکتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سیرتِ طیبہ ہمارے لیے زندگی کے ہر میدان میں رہنمائی کا مکمل نمونہ ہے۔ ہمیں اپنے قول و فعل میں نبی اکرم ﷺ کی تعلیمات کو اختیار کرتے ہوئے معاشرے میں محبت، اخوت، عدل، دیانت اور خدمتِ خلق کے جذبے کو فروغ دینا چاہیے۔انہوں نے واضح کیا کہ محبتِ رسول ﷺ کا تقاضا صرف جذبات اور نعروں تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ ہماری عبادات، معاملات، اخلاق، معاشرت اور کردار میں اس محبت کی عملی جھلک نمایاں ہونی چاہیے۔ اسی طرزِ عمل کے ذریعے ایک پاکیزہ، بااخلاق اور مضبوط اسلامی معاشرے کی تشکیل ممکن ہے۔ محترمہ منہاج ناظمہ صاحبہ ناظمہ شعبۂ خواتین ساؤتھ ظہیرآباد نے "حبِ رسول ﷺ کے تقاضے"کے عنوان پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رسولِ اکرم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ سے محبت محض جذبات اور دعوے کا نام نہیں بلکہ آپ ﷺ کی اطاعت، اتباع، سنتوں کی پیروی اور آپ ﷺ کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی میں نافذ کرنے کا تقاضا کرتی ہے۔ایک مسلمان کی حقیقی کامیابی اسی میں ہے کہ وہ اپنے معاملات، اخلاق، عبادات، معاشرت، خاندانی زندگی اور باہمی تعلقات میں نبی کریم ﷺ کے اسوۂ حسنہ کو اپنائیں۔"لقد کان لکم فی رسول اللہ اسوۃ حسنۃ" کے عنوان محترمہ عقیلہ خانم صاحبہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ قرآنِ مجید کی اس عظیم تعلیم کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ رسول اللہ ﷺ کی ذاتِ اقدس ہمارے لیے زندگی کے ہر شعبے میں بہترین نمونہ ہے۔ آپ ﷺ عبادت میں کامل، معاملات میں دیانت دار، اخلاق میں بے مثال، خاندان کے ساتھ محبت کرنے والے، بچوں کے ساتھ شفقت کرنے والے، کمزوروں اور ضرورت مندوں کے ہمدرد اور معاشرے کے ہر فرد کے حقوق کا خیال رکھنے والے تھے۔انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں جب معاشرہ اخلاقی، معاشرتی اور خاندانی مسائل سے دوچار ہے سیرتِ رسول ﷺ ہمارے لیے ایک مکمل اور عملی رہنمائی فراہم کرتی ہے۔
پروگرام کا آغاز سیدہ ثمرین صبا کی تلاوت و ترجمانی سے ہوا اور محترمہ ہاجرہ بیگم ضلعی ناظمہ جماعت اسلامی ہند سنگا ریڈی مغربی نے افتتاحی کلمات پیش کرتے ہوئے سیرتِ طیبہ ﷺ کی روشنی میں زندگی گزارنے کی ضرورت پر زور دیا اور مہمانوں اور شرکاء کا خیرمقدم کیا۔محترمہ سیدہ مہناز صاحبہ ناظمہ کارکنان نے نعتِ رسولِ ﷺ پیش کی جبکہ محترمہ الفت بیگم صاحبہ نے نظامت کے فرائض بحسن وخوبی انجام دیں اور محترمہ فرحین بیگم کے اظہار تشکر پر پروگرام کا اختتام ہوا جلسے میں خواتین اور لڑکیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔۔۔۔
Comments
Post a Comment