اردو میڈیم سے ڈی ایس پی تک: ڈاکٹر حنا فوپلنکر کی شاندار کامیابی کا سفر اورعزم و ہمت کی داستان۔


اردو میڈیم سے ڈی ایس پی تک: ڈاکٹر حنا فوپلنکر کی شاندار کامیابی کا سفر اورعزم و ہمت کی داستان۔ 

رپورٹ : اظہر ظہیر الدین کردمے، شریوردھن ضلع رایگڈھ : 
عزم، محنت اور مستقل مزاجی سے ناممکن کو ممکن بنایا جا سکتا ہے—اس کی بہترین مثال کوکن کے چھوٹے سے گاؤں 'سائی' (تعلقہ مانگاؤں) سے تعلق رکھنے والی ڈاکٹر حنا قاسم فوپلنکر ہیں۔ اردو میڈیم اسکول سے ابتدائی تعلیم حاصل کرنے والی حنا نے پہلے ڈاکٹری کی ڈگری حاصل کی، پھر باوقار سرکاری ملازمت یعنی ایکسائز انسپکٹر کے طور پر خدمات انجام دیں، اور اب 'مہاراشٹر پبلک سروس کمیشن' (MPSC) کے کے ذریعے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (DSP / ACP) کے باوقار عہدے پر منتخب ہو کر مسلم طالبات کے لیے ایک روشن مثال قائم کی ہے۔
ابتدائی تعلیم اور تعلیمی سفر:
ڈرائیور کی بیٹی، ڈاکٹر حنا نے اپنی ابتدائی تعلیم 'آر زیڈ پی اردو اسکول، سائی' سے حاصل کی۔ اس کے بعد سائی ہائی اسکول سے دسویں اور 'ایس ایس ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج، موربہ' سے بارہویں (سائنس) پاس کی۔ ۲۰۰۷ء میں انہوں نے BHMS (ہومیوپیتھی) مکمل کر کے ڈاکٹر بننے کا اپنا خواب پورا کیا۔
مادری زبان اور اساتذہ کا کردار:
ڈاکٹر حنا کا ماننا ہے کہ مادری زبان اردو میں تعلیم حاصل کرنا ترقی کی راہ میں کبھی رکاوٹ نہیں بنتا، بلکہ یہ تعلیمی بنیاد کو مضبوط کرتا ہے۔ انہوں نے اپنی اس کامیابی کا سہرا اپنے اساتذہ کی صحیح رہنمائی اور والدین کی حوصلہ افزائی کے سر باندھا، جنہوں نے انہیں اعلیٰ تعلیم اور مقابلے کے امتحانات میں آگے بڑھنے کی ہمت دی۔
اردو میڈیم کے طلبہ کے لیے پیغام:
ڈاکٹر حنا کا یہ سفر اردو میڈیم کے تمام طلبہ اور بالخصوص طالبات کے لیے عزم، خود اعتمادی اور امید کا پیغام ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر طالب علم اپنی محنت، جدید معلومات اور صلاحیتوں کو بروئے کار لائے، تو وہ کسی بھی بڑے سے بڑے مقابلے کے امتحان میں کامیابی حاصل کر سکتا ہے۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔