دینی کاموں کی برکت اہل اللہ سے وابستگی میں ہے ضلع سنگاریڈی میں دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء تلنگانہ کی ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد۔
سنگاریڈی 22 اگست (نمائندہ، جی،یم) دینی تعلیمی بورڈ، جمعیۃ علماء تلنگانہ کے زیر اہتمام ضلع سنگاریڈی میں ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد عمل میں آیا، جس کی نگرانی دینی تعلیمی بورڈ تلنگانہ کے صدر حضرت مولانا عبدالقوی صاحب نے فرمائی۔ اجلاس میں دینی تعلیمی کام سے وابستہ ذمہ داران اور علماء نے شرکت کی۔
اس موقع پر حضرت مولانا محمد عتیق احمد قاسمی نے ”دینی کاموں کی برکت اہل اللہ سے وابستگی میں ہے“ کے عنوان پر خصوصی خطاب فرمایا۔ انہوں نے کہا کہ دینی کاموں میں برکت کا مطلب صرف یہ نہیں کہ کام کا دائرہ وسیع ہوجائے یا تعداد میں اضافہ ہوجائے، بلکہ حقیقی برکت یہ ہے کہ موجود وسائل میں خیر پیدا ہو، تھوڑی سی محنت کا دیرپا اثر باقی رہے اور دینی کام کرنے والوں کے اندر اخلاص، تقویٰ اور اللہ تعالیٰ سے تعلق مسلسل بڑھتا رہے۔
حضرت مولانا نے دینی کام کرنے والوں کو تین اہم باتوں کی خصوصی ترغیب دی۔ پہلی یہ کہ قابلیت کے ساتھ اپنے اندر صفاتِ قبولیت بھی پیدا کی جائیں؛ صرف علمی و فنی صلاحیت کافی نہیں بلکہ اخلاص، تقویٰ، تواضع اور حسنِ کردار بھی ضروری ہیں۔ دوسری یہ کہ نصاب اور کتاب کے ساتھ اہل اللہ کی زندگیوں کو بھی اپنے لیے نمونہ بنایا جائے، کیونکہ کتاب سے علم حاصل ہوتا ہے، جبکہ اہل اللہ کی صحبت اور زندگیوں کے مطالعہ سے علم کا مزاج، اخلاص اور عمل کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔ تیسری یہ کہ اپنے کردار کو شریعت کے سانچے میں ڈھال کر دینی کاموں میں لگایا جائے، تاکہ دعوت، تعلیم اور تربیت کا کام خود داعی اور معلم کے کردار سے مؤثر ہو۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دینی کام کرنے والوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنے علم و صلاحیت کے ساتھ اپنی اصلاح اور تربیت کا بھی اہتمام کریں، کیونکہ دینی کام کی اصل قوت صرف وسائل اور منصوبہ بندی نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ سے تعلق، اخلاص اور اہل اللہ کی نسبت ہے۔
اجلاس کی نگرانی حضرت مولانا عبدالقوی صاحب، صدر دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء تلنگانہ نے فرمائی۔ ورکشاپ میں دینی تعلیمی میدان میں کام کرنے والے افراد کی تربیت اور دینی خدمات کو مزید مؤثر بنانے کے مختلف پہلوؤں پر بھی توجہ دی گئی۔۔۔۔
Comments
Post a Comment