کرناٹک اردو اکادمی میں "ادبی نکات" کی رسمِ اجرا اور مزاحیہ ادبی نشست “اُدھر اُدھر سے” کا کامیاب انعقاد۔
بنگلورو، یکم اگست 2026ء: ( رہبر تماپوری) کرناٹک اردو اکادمی کے زیرِ اہتمام اکادمی کی شائع کردہ کتاب “ادبی نکات” کی رسمِ اجرا اور منفرد مزاحیہ ادبی نشست “اُدھر اُدھر سے” کا انعقاد بروز ہفتہ، یکم اگست 2026ء، سہ پہر 3 بجے، آڈیٹوریم، کے ایم ڈی سی بھون، شیشادری پورم، بنگلورو میں نہایت شاندار انداز میں عمل میں آیا۔
اس ادبی تقریب میں بنگلورو کے اردو داں طبقے نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اردو زبان و ادب کے فروغ کے لیے سرگرم افراد، متعدد شعراء، ادباء، دانشوروں، اساتذہ، نو مشق قلم کاروں اور اہم ادبی شخصیات کی موجودگی نے پروگرام کی رونق میں اضافہ کیا۔
تقریب کی صدارت مولانا محمد علی قاضی، چیئرمین، کرناٹک اردو اکادمی نے فرمائی، جبکہ جناب یو۔ نثار احمد، سابق آئی پی ایس و چیئرمین، ریاستی کرناٹک اقلیتی کمیشن مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے۔
اس موقع پر ڈاکٹر معاذ الدین خان، سکریٹری، ریاستی کرناٹک اقلیتی کمیشن و سابق رجسٹرار، کرناٹک اردو اکادمی، ڈاکٹر راہی فدائی (شاعر و محقق)، ڈاکٹر سید قدیر ناظم سرگروہ (سابق چیئرمین، کرناٹک اردو اکادمی)، پروفیسر سید سجاد حسین (سابق صدرِ شعبۂ اردو، مدراس یونیورسٹی) اور ڈاکٹر طاہرہ نورانی (شعبۂ اردو، بنگلور یونیورسٹی) سمیت دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔
مقررین نے اردو زبان و ادب کے فروغ، کتابوں کی اہمیت، مطالعے کے فروغ اور نئی نسل میں ادبی شعور بیدار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
تقریب کے دوران کرناٹک اردو اکادمی کی شائع کردہ کتاب “ادبی نکات” کی رسمِ اجرا معزز مہمانوں کے ہاتھوں عمل میں آئی۔ مقررین نے کتاب کو اردو ادب کے ذخیرے میں ایک اہم اضافہ قرار دیتے ہوئے اسے نو مشق قلم کاروں اور ادب کے طلبہ کے لیے مفید قرار دیا۔
تقریب کا ایک اہم پہلو کرناٹک اردو اکادمی کے تین سالہ نو مشق شعراء و ادباء تربیتی کورس سے وابستہ شرکاء کی حوصلہ افزائی تھا۔ معروف شاعر و ادیب منیر احمد جامی کی نگرانی میں تربیت حاصل کرنے والے اطہر مبین ملا (رہبر تماپوری) اور دیگر نو مشق قلم کاروں کو اسٹیج پر مدعو کیا گیا اور کتابیں پیش کی گئیں۔
تقریب کا نمایاں اور دلچسپ حصہ مزاحیہ ادبی نشست “اُدھر اُدھر سے” تھی، جس میں دس مشہور غزلوں کی دس پیروڈیاں پہلی بار میوزک ٹریک کے ساتھ پیش کی گئیں۔ اس تخلیقی پیش کش کے شاعر منیر احمد جامی اور گلوکار نیاز الدین نیاز تھے۔ مزاح، موسیقی اور شعری لطافت سے بھرپور اس نشست نے حاضرین کو خوب محظوظ کیا۔
اختتام پر منتظمین کی جانب سے تمام مہمانوں، شعراء، ادباء، نو مشق قلم کاروں اور شرکائے تقریب کا شکریہ ادا کیا گیا۔ مجموعی طور پر یہ پروگرام اردو زبان و ادب کے فروغ، کتاب دوستی اور نئی ادبی صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی کی ایک کامیاب کوشش ثابت ہوا۔
از قلم: رہبر تماپوری
Comments
Post a Comment