اقراء کالج میں میڈل ہولڈرز پولیس اہلکاروں کی پزیرائی؛ 'گن گورو' اعزازی تقریب کا انعقاد - "صدرِ جمہوریہ پولس میڈل" اور "سروس میڈل " سے سرفراز پولیس افسران و پولس مینس کی عزت افزائی۔


جلگاؤں (عقیل خان بیاولی) معاشرے میں امن و امان کے قیام، شہریوں کے تحفظ اور سماجی ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کے لیے شب و روز خدمات انجام دینے والے پولیس اہلکاروں کی قربانیوں کو سراہنے کے لیے اقراء ایجوکیشن سوسائٹی کے ایچ۔ جے۔ تھیم آرٹس اینڈ سائنس کالج، کے زیرِ اہتمام 'گن گورو اعزازی تقریب' پروقار ماحول میں منعقد ہوئی۔تقریب میں ضلع جلگاؤں میں طویل، مخلصانہ اور نمایاں خدمات کے اعتراف میں پریذیڈنٹ میڈل اور سروس میڈل حاصل کرنے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کی عزت افزائی کی گئی۔ ڈاکٹراختر شاہ کی تلاوتِ قرآن کریم سے آغاز ہوا، نظامت کے فرائض پروفیسر قاضی مزمل الدین ندوی نے انجام دی۔ انہوں نے اپنی روانی اور اثر انگیز اندازِ بیان سے ہر مرحلے کو خوبصورتی سے پیش کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں نے انجام دی ہوئی خدمات سے شرکاء کو روشناس کرایا۔
صدر جمہوریہ میڈل حاصل کرنے والے پولیس سب انسپکٹر مظفر علی سید اور پولیس سب انسپکٹر دنیش بڈگجر کو صدرِ جمہوریہ میڈل حاصل کرنے پر، تو اسیسٹنٹ پولیس سب انسپکٹر (اسسٹنٹ فوجدار) پردیپ پاٹل، پولیس ہیڈ کانسٹیبل جمیل خان، پولیس ہیڈ کانسٹیبل رزاق علی اور پولیس ہیڈ کانسٹیبل انیل انگلے کو بھی ان کی گراں قدر خدمات پر 'سیوا پدک' ایوارڈ' ملنے پر اعزاز سے سرفراز کیا گیا۔ اس موقع پر تمام معزز پولیس اہلکاروں کو گلدستے، یادگاری نشان اور سند (سرٹیفکیٹ) پیش کی گئ۔ حاضرین نے تالیوں کی گونج میں ان کی فرض شناسی کو ہدیہ سلام پیش کیا۔ تقریب کی صدارت سوسائٹی کے صدر الحاج عبدالکریم سالار نے کی، ساتھ ہی سیکرٹری اعجاز احمد ملک ڈائریکٹرز عبدالمجید سیٹھ ذکریا ، خازن امین الدین بادلی والا، عبدالغنی میمن اور طارق شیخ نیز، ریٹائرڈ اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر معز الدین شیخ قادر نے بھی شرکت کی تقریب کا انعقاد پرنسپل ڈاکٹر وقار شیخ کی قیادت میں ہوا۔صدر جلسہ عبدالکریم سالار نے طلباء کو مسابقتی امتحانات کی ترغیب دیتے ہوئے مستقبل کے کیریئر مواقع سے متعلق اہم رہنمائی کی انہوں نے زور دیا کہ طلباء صرف ڈگری حاصل کرنے تک محدود نہ رہیں بلکہ مختلف مسابقتی امتحانات کی تیاری کرکے انتظامی خدمات میں شامل ہونے کا ہدف رکھیں۔ تو عبدالغنی میمن نے اپنے مخصوص انداز میں طلباء سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں، انہیں محض تعلیم حاصل کرکے رکنا نہیں چاہیے بلکہ اپنی صلاحیتوں کا استعمال ملک و ملت کی ترقی کے لیے کرنا چاہیے۔
دیگر مقررین نے پولیس کے کردار کی خوب سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکار کس طرح اپنی ذاتی مشکلات اور خاندانی مصروفیات کو بالائے طاق رکھ کر عوام کی حفاظت میں لگے رہتے ہیں۔ ان کی اس قربانی کی بدولت ہی عام شہری سکون کی زندگی بسر کرتے ہیں، لہٰذا ان کا احترام کرنا معاشرے کی اخلاقی ذمہ داری ہے۔ اس موقع پر جملہ تدریسی و غیر تدریسی عملہ نیز مدعوں مہمانان کی کثیر تعداد موجود تھیں ۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔