کوہیر میں کانگریس کی تنظیمی سرگرمیوں کو فروغ، سینئر قائد عثمان الہاجری کا اچانک دورہ - پارٹی دفتر میں پرتپاک استقبال، تنظیمی استحکام، عوامی مسائل اور آئندہ لائحۂ عمل پر مقامی قائدین سے تفصیلی تبادلۂ خیال۔
کوہیر، 5/ اگست (نظامی ) کانگریس پارٹی کے سینئر رہنما اور حلقۂ اسمبلی کاروان سے سابق امیدوار جناب عثمان الہاجری نے بدھ کے روز اچانک کوہیر منڈل کا دورہ کیا، جس سے مقامی کانگریس کارکنوں میں جوش و خروش کی لہر دوڑ گئی۔ کوہیر پہنچنے پر وہ کانگریس پارٹی کے مقامی دفتر گئے، جہاں منڈل قائدین اور کارکنوں نے شال پوشی اور گل پوشی کے ذریعہ ان کا پُرتپاک استقبال کیا۔
اس موقع پر منعقدہ تنظیمی اجلاس میں عثمان الہاجری نے کوہیر منڈل کی سیاسی صورتحال، پارٹی کی تنظیمی سرگرمیوں اور عوام کو درپیش مسائل پر مقامی قائدین سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا اور انہوں نے منڈل میں پارٹی کی موجودہ سرگرمیوں کا جائزہ لیتے ہوئے تنظیم کو مزید فعال اور مستحکم بنانے کے لیے ضروری ہدایات بھی دیں۔
عثمان الہاجری نے اپنے خطاب میں کہا کہ کانگریس پارٹی عوامی خدمت اور جمہوری اقدار پر یقین رکھتی ہے، اس لیے کارکنوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام سے مسلسل رابطہ قائم رکھیں، ان کے مسائل کو سنیں اور پارٹی کی پالیسیوں اور فلاحی نظریات کو گھر گھر پہنچائیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تنظیمی اتحاد، باہمی ہم آہنگی اور کارکنوں کی سرگرم شرکت ہی پارٹی کی اصل طاقت ہے۔
انہوں نے مقامی قائدین سے کوہیر منڈل کی سیاسی صورتحال، عوامی مسائل اور پارٹی کی آئندہ حکمت عملی پر بھی تفصیلی معلومات حاصل کیں اور یقین دلایا کہ کانگریس قیادت مقامی مسائل کے حل اور تنظیم کی مضبوطی کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
اس موقع پر کوہیر منڈل کانگریس صدر اور ملنا پٹیل، نائب ایم پی پی محمد شاکر علی، اجو پٹیل، وینکٹاپور کے سرپنچ اشوک، پربھاکر ریڈی، عبدالستار، عبدالمتین، عبدالرشید اور دیگر کانگریس قائدین و کارکنان موجود تھے۔ اجلاس کے اختتام پر پارٹی کو گراس روٹ سطح پر مزید مضبوط بنانے اور عوامی رابطہ مہم کو تیز کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
Comments
Post a Comment