رئیس ہائی اسکول اینڈ جونِیَر کالج، بھیونڈی میں رخصت پذیر اسٹاف ممبران کے شایانِ شان الوداعی تقریب کا انعقاد - ایک ادارے کے لیے عمر کا طویل حصہ صرف کردینا کسی مِلّی فریضے سے کم نہیں۔ (دانیال قاضی، اعزازی جنتل سیکرٹری، کے ایم ای ایس)
بھیونڈی: (عبدالعزیز انصاری) کوکن مسلم ایجوکیشن سوسائٹیز کے زیرِ انتظام جاری سردار حاجی امیر صاحب رئیس ہائی اسکول اینڈ جونیر کالج، بھیونڈی میں بروز سنیچر، یکم اگست 2026ء ادارے کے تین رخصت پذیر اسٹاف ممبران کے اعزاز میں ایک نہایت باوقار اور یادگار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں انتظامیہ، اساتذۂ کرام اور غیر تدریسی عملے نے شرکت کرکے رخصت پذیر حضرات کی طویل، مخلصانہ اور مثالی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
تقریب کی صدارت جناب دانیال شفیق قاضی (اعزازی جنرل سیکریٹری، کوکن مسلم ایجوکیشن سوسائٹی) نے فرمائی، جب کہ جناب یاسر عبدالقیوم تاتلی (چیئرمین، رئیس ہائی اسکول) مہمانِ خاص کی حیثیت سے شریک ہوئے۔ وائی سی ایم او یو اسٹڈی سینٹر کوآرڈِنیٹر عبدالعزیز بھی موجود تھے۔ نظامت اور تشکّر کے فرائض جناب شمیم اقبال مومن، معلمِ اردو، نے نہایت سلیقہ مندی، شگفتگی اور ادبی انداز میں انجام دیے، جس سے تقریب کی وقعت اور دل کشی میں مزید اضافہ ہوا۔
صدرِ تقریب نے صدارتی خطاب میں صاحبانِ اعزاز شاہدہ پروین مومن، فیروز مومن اور ظہیر شیخ صاحبان کی مثالی خدمات کو ادارے کا قیمتی سرمایہ قرار دیتے ہوئے ان کی صحت، خوش حالی اور پُرسکون، باوقار ریٹائرمنٹ کے لیے نیک تمنائیں ظاہر کیں۔ پرنسپل ضیاء الرحمٰن انصاری نے صاحبانِ اعزاز کی طویل خدمات کے مختلف پہلوؤں پر اِجمالی روشنی ڈالتے ہوئے ستائشی کلمات سے نوازا اور ان کی منجملہ خدمات کو ادارے کی ترقی میں مُمِدّ و معاون قرار دیا۔
اس موقع پر اساتذہ کی جانب سے عامر قریشی، رومیشہ شیخ، رفیعہ مومن، سکینہ سارنگ، فرحین انصاری، مدثر شیخ اور وکیل سکٹے، ریحان مومن (سپاہیان) اور ایڈمن پینل سے مزدان مُلّا، اسرار پٹھان (سوپروائزرس) نیز مخلص مدعو (معاون صدر مدرس) نے رخصت ہونے والے اسٹاف ممبران کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی دیانت داری، فرض شناسی، وقت کی پابندی اور طلبہ کی بہترین رہنمائی کے ذریعے ادارے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے کو خوب سراہا نیز ان کی علمی، تعلیمی اور اخلاقی خدمات کو یاد کرتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور اعتراف کیا کہ رخصت پذیر شخصیات کی خدمات کی خوشبو ہمیشہ گلشنِ رئیس کو معطر رکھے گی۔
محترمہ شاہدہ پروین، معلمۂ معاشیات، کی تقریباً 30 سالہ تدریسی خدمات کو سراہتے ہوئے مقررین نے کہا کہ انھوں نے اپنی علمی بصیرت، اخلاص اور بہترین تدریسی انداز سے ہزاروں طلبہ کی تعلیم و تربیت میں نمایاں کردار ادا کیا۔ ان کی خدمات ادارے کے لیے ہمیشہ باعثِ فخر رہیں گی۔
اسی طرح جناب فیروز مومن، معلمِ فزکس، کی 26 سالہ مخلصانہ خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ انھوں نے طلبہ میں سائنسی شعور، تحقیق اور تخلیقی فکر کو فروغ دینے میں قابلِ قدر کردار ادا کیا اس کے علاوہ سائنس اور قرآن کے امتزاج سے اپنی تدریس کو نئی سمت عطا کی۔
غیر تدریسی عملے کے سینئر رکن جناب ظہیر شیخ کی 36 سالہ انتھک خدمات کو بھی بھرپور انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ کسی بھی تعلیمی ادارے کی کامیابی میں غیر تدریسی عملہ ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، اور جناب ظہیر شیخ نے اپنی دیانت داری، وقت کی پابندی اور خاموش خدمت کے ذریعے اس حقیقت کو عملی جامہ پہنایا۔
رخصت پذیر شخصیات نے اپنے تاثرات میں ادارے، انتظامیہ، ساتھی اساتذہ، غیر تدریسی عملے اور طلبہ سے ملنے والی محبت، اعتماد اور تعاون پر دلی تشکر کا اظہار کیا۔ انھوں نے اپنے طویل ملازمتی سفر کی خوش گوار یادیں اور تجربات حاضرین کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے ادارے کی مزید ترقی، استحکام اور تعلیمی کامیابیوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
تقریب کے اختتام پر رخصت پذیر اسٹاف ممبران کو قرآنِ کریم کا نسخہ، شال، گل دستہ اور یادگاری تحائف پیش کیے گئے۔ حاضرین نے پُرجوش تالیوں کے ذریعے ان کی گراں قدر خدمات کو سراہا۔
ضیافت کے ساتھ یہ پروقار تقریب خوش گوار یادوں اور نیک تمناؤں کے ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔ تقریب کا آغاز مولانا خالد خان کے ذریعے تلاوتِ قرآن سے ہوا۔ تقریب کی کامیابی میں شاکر شیخ، عظیم غرقاب، ریان بوبڑے، وکیل سکٹے، نکہت شیخ وغیرہ پیش پیش رہے۔
Comments
Post a Comment