عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر انجمنِ اسلام دھارواڑ میں اسلامی کتب کی شاندار نمائش -نوجوان نسل کو کتاب سے جوڑنے کی قابلِ تحسین کوشش، منتظمین مبارکباد کے مستحق۔
رپورٹ :ڈاکٹر بی بی عائشہ چکولی ،انجمن ڈگری کالج دھارواڑ
دھارواڑ،20 اگست 2026ء: انجمنِ اسلام دھارواڑعید میلاد کمیٹی کے زیرِ اہتمام جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر اسلامی کتب کی شاندار نمائش کا انعقادعمل میں آیا ۔ ادرے کے نائب صدر الحاج بشیر احمد جہانگیردار ،سکریٹری ڈاکٹر سیدقدیرناظم سرگروہ ،خزانچی الحاج رفیق شرہٹی عید میلاد کمیٹی کے چیئرمین عرفان تاڑپتری کی مشترکہ موجودگی میں اسلامی کتب کی نمائش کاباقاعدہ افتتاح کیا گیا ۔اس تقریب میں خیرالدین شیخ ،علیم سنگریسکوپ، عبدالغنی گولنداز،محمداسحاق نالبند، میسور،ایم نمازی دیگرمعززاراکین ،سبھی تعلیمی اداروں کے سربراہان ڈاکٹر این۔ بی۔ نالتواڑ،ظہیر منگلگٹی،متین بیڑی والے، توفیق مرزا اور ماسٹر عبدالرحمن ہری ہرشریک تھے.نمائش میں ڈاکٹر سید قدیر ناظم سرگروہ، ڈاکٹر ایم۔ ایم۔ نائکواڑی، ڈاکٹر مہر افروز کاٹھیواڑی، حافظ ریحان قادری اور الحاج ایس۔ ایس۔ سوداگر کے زیرِ مطالعہ و زیرِ ملکیت اسلامی کتب کے منتخب مجموعے بھی پیش کیے گئے جن میں دینی، سیرت، اخلاق، تاریخ اور اسلامی فکر سے متعلق مختلف موضوعات پر قیمتی کتابیں شامل ہیں۔اس موقع پر حافظ ریحان قادری نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج کی راہ سے بھٹکتی ہوئی نوجوان نسل کے لیے اسلامی کتب کا مطالعہ انتہائی ضروری ہے۔ نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے اخلاق، کردار اور تعلیمات ہمارے لیے بہترین نمونہ ہیں۔ نوجوان نسل اگر سیرتِ نبوی ﷺ اور اسلامی لٹریچر کا مطالعہ کرے تو اسے زندگی کے مسائل میں صحیح سمت اور رہنمائی حاصل ہوسکتی ہے۔موجودہ دور میں اسلامی کتب کی اس نمائش کا انعقاد خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔ موبائل فون اور سوشل میڈیا کے بڑھتے ہوئے استعمال نے جہاں معلومات تک رسائی کو آسان بنایا ہےوہیں نوجوان نسل میں سنجیدہ اور بامقصد مطالعے کا رجحان بھی کم ہوتا جا رہا ہے۔ آج ہماری نئی نسل کا ایک بڑا حصہ سوشل میڈیا کی مختصر اور عارضی معلومات کے ذریعے علم حاصل کر رہا ہےحالاں کہ فکری پختگی، شعور اور صحیح رہنمائی کے لیے کتاب کا مطالعہ آج بھی ایک مؤثر اور معتبر ذریعہ ہے۔ایسے ماحول میں عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر محض تقریبات تک محدود رہنے کے بجائے اسلامی کتب کی نمائش کا اہتمام ایک بامقصد اور قابلِ تحسین قدم ہے۔ کتاب انسان کے ذہن کو وسعت، فکر کو گہرائی اور کردار کو مضبوطی عطا کرتی ہے۔ بالخصوص سیرتِ نبوی ﷺ، اسلامی تاریخ اور اخلاقی تعلیمات پر مبنی کتب نئی نسل کے لیے فکری و اخلاقی رہنمائی کا اہم ذریعہ بن سکتی ہیں۔انجمنِ اسلام دھارواڑ کے منتظمین کی یہ کوشش قابلِ ستائش ہے کہ انہوں نے عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر کتابوں کو مرکزِ توجہ بنا کر قارئین، خصوصاً نوجوانوں کو دوبارہ مطالعے کی طرف متوجہ کرنے کی عملی کوشش کی ہے۔ یہ نمائش نہ صرف دینی معلومات کے حصول کا ذریعہ ہے بلکہ دل و دماغ کو علم و فکر کی روشنی سے منور کرنے کی ایک خوب صورت کاوش بھی ہے۔یہ اسلامی کتب کی نمائش 20 اگست 2026ء سے 26 اگست 2026ء تک جاری رہے گی۔ انجمنِ اسلام کے صدر و اراکین نےاہل دھارواڑ بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اس علمی و دینی نمائش سے بھرپور استفادہ کریں اسلامی کتب کا مطالعہ کریں اور اپنے گھروں میں بھی کتاب اور مطالعے کی روایت کو فروغ دیں۔عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر اس طرح کی بامقصد علمی سرگرمی یقیناً قابلِ تحسین ہے اور انجمنِ اسلام کے منتظمین اس منفرد اور فکر انگیز اقدام پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔(رپورٹ :ڈاکٹر بی بی عائشہ چکولی ،انجمن ڈگری کالج دھارواڑ)
Comments
Post a Comment