انجمنِ اسلام دھارواڑ میں جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر بزمِ خواتین کا شاندار انعقاد - تعلیماتِ نبوی ﷺ خواتین کے لیے عزت، وقار اور حقوق کی ضمانت ہیں۔رقیہ محمد اسمٰعیل ٹامٹگار۔


رپورٹ : ڈاکٹر بی بی عائشہ چکولی،انجمن ڈگری کالج دھارواڑ
دھارواڑ20 اگست 2026: انجمن اسلام دھارواڑمیںجشنِ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر بزمِ خواتین کی بابرکت تقریب میں صدارتی کلمات پیش کرتے ہوئے محترمہ رقیہ محمد اسمٰعیل ٹامٹگار نے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ صرف خوشی اور عقیدت کے اظہار کا موقع نہیں بلکہ سیرتِ طیبہ ﷺ کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنانے کا پیغام بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ پوری انسانیت کے لیے رحمت بن کر تشریف لائے۔ آپ ﷺ نے خواتین کے مقام و مرتبے کو بلند کیا اور انہیں عزت، احترام، وقار اور حقوق عطا فرمائے۔ خواتین کو چاہیے کہ وہ سیرتِ نبوی ﷺ اور امہات المؤمنین رضی اللہ عنہن کی مثالی زندگیوں سے رہنمائی حاصل کریں اور اپنے خاندان و معاشرے کی تعمیر میں مؤثر کردار ادا کریں۔انہوں نے انجمنِ اسلام کے اراکین اور عید میلاد النبی ﷺ کمیٹی کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کے لیے ہر سال بزم کا انعقاد ایک قابلِ تحسین روایت ہے۔ انہوں نے ملک اور دنیا بھر کی خواتین کو عید میلاد النبی ﷺ کی مبارک باد پیش کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس بابرکت مہینے کی برکتوں سے گھروں اور معاشرے میں امن، محبت، اتحاد اور خوشحالی عطا فرمائے۔ عالمہ فاضلہ محترمہ نجمہ آپا نے ’’مقصدِ جشنِ عید میلاد النبی ﷺ‘‘ کے موضوع پر خطاب کیا۔ انہوں نے سیرتِ رسول ﷺ کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنانے اور آپ ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرنے کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔اس کے بعد پی یو کالج کی طالبہ چمن بی کی جانب سے نعت پیش کی گئی۔ عالمہ فاضلہ محترمہ آسیہ بیگم جمعدار نے امہات المومنین کی زندگی: ہمارے لیے روشن مثال کے موضوع پر خطاب کیا۔ انہوں نے اسلامی تاریخ کی عظیم شخصیات کے کردار، صبر، تقویٰ، اخلاص اور قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے خواتین اور نوجوان نسل کو ان کے نقشِ قدم پر چلنے کی تلقین کی۔ عالمہ فاضلہ محترمہ بی بی عائشہ مانک نے ’’حضورِ اکرم ﷺ محسنِ انسانیت‘‘ کے موضوع پر خصوصی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی پوری زندگی انسانیت کے لیے محبت، رحمت، عدل، حسنِ سلوک اور اخلاقِ کریمانہ کا بہترین نمونہ ہے۔ ہمیں سیرتِ نبوی ﷺ کو صرف تقریروں اور محافل تک محدود رکھنے کے بجائے اپنی روزمرہ زندگی میں اپنانا چاہیے۔پروگرام کے دوران طالبات نے مختلف نعتیہ کلام اور تقاریر کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ نئی نسل خصوصاً طالبات کو سیرتِ نبوی ﷺ سے جوڑنا وقت کی اہم ضرورت ہےتاکہ وہ اسلامی اقدار، اعلیٰ اخلاق اور خدمتِ انسانیت کے جذبے کو اپنی زندگی کا حصہ بنا سکیں۔ محترمہ ڈاکٹر مہر افروزنے لڑکیوں کی تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے مرد و عورت دونوں کے لیے علم حاصل کرنے کی ترغیب دی۔ اگر ہمیں اپنے معاشرے کو بہتر اور مضبوط بنانا ہے تو اپنی بچیوں کو معیاری اور صحیح تعلیم سے آراستہ کرنا ہوگا۔انہوں نے نبی کریم ﷺ کے بچپن کے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے بچوں کی دینی و اخلاقی تربیت پر خصوصی توجہ دلائی۔ انہوں نے ماؤں اور بہنوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے گھروں کے ماحول کو بہتر بنائیں، کیونکہ گھروں کی اصلاح ہوگی تو ہماری آنے والی نسلیں خود بخود سنور جائیں گی۔مزیدنے کہا کہ تعلیم یافتہ اور باکردار بیٹیاں ہی ایک مضبوط خاندان اور بہتر معاشرے کی بنیاد بن سکتی ہیں۔پروگرام کا آغاز عالمہ فاضلہ آسیہ جمعدار کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔طالبہ ارفع نے حمداورمرضیہ پٹھان نے نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کرکے محفل کو روحانی کیفیت سے سرشار کردیا۔ ڈاکٹر اسماء ناز بلاری صدر شعبہ انگریزی انجمن ڈگری کالج دھارواڑنے مہمانوں اور شرکائے محفل کا تعارف و خیرمقدم کیا۔پروگرام؎کے دوران طالبات کی جانب سے سیرتِ نبویؐ پر مختصر تقریر پیش کی گئی، تقریب کی نظامت محترمہ ڈاکٹر بی بی عائشہ چکولی صدر شعبہ اردوانجمن ڈگری کالج نے بحسن و خوبی انجام دی۔ پروگرام میں خواتین اور طالبات نے بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا۔ انجمن اسلام دھارواڑ کی جانب سے منعقدہ یہ بامقصد محفل خواتین اور طالبات کے لیے سیرتِ نبوی ﷺ، اسلامی اخلاق اور دینی شعور کو فروغ دینے کی ایک قابلِ تحسین کوشش ثابت ہوئی۔(رپورٹ:ڈاکٹر بی بی عائشہ چکولی،انجمن ڈگری کالج دھارواڑ)

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔