اقراء ماہِ ربیع الاول میں اہلِ کتاب نے دارالمطالعہ کی سیر کی۔


جلگاؤں: (عقیل خان بیاولی) اقراء ایجوکیشن سوسائٹی کے زیرِ اہتمام اقراء اردو ہائی اسکول و جونیئر کالج، سالار نگر میں ماہِ ربیع الاول کی آمد کے موقع پر طلبہ کے لیے دارالمطالعہ کی خصوصی سیر کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر طلبہ کو قرآنِ کریم، جو انسانیت کے لیے ہدایت و رہنمائی کا سب سے عظیم سرچشمہ اور دنیا کی سب سے بابرکت کتاب ہے، کا تعارف پیش کرتے ہوئے اسلام میں علم، تعلیم اور مطالعہ کی اہمیت و افادیت پر جامع انداز میں روشنی ڈالی گئی۔
یہ بامقصد تعلیمی سرگرمی پرنسپل نور محمد شیخ کی زیرِ نگرانی منعقد ہوئی۔ لائبریری انچارج ڈاکٹر انیس الدین شیخ جن کا علم و ادب تحقیق و مطالعہ سے گہرا لگاؤ ہے نارتھ مہاراشٹر یونیورسٹی میں انھوں نے تحقیقی مقالے پیش کیے ہیں ان کی درس تدریس کا آغاز سینئر کالج سے بی ہوا ہے۔ شہر کے ڈگری کالج میں وہ خدمات انجام دے چکے ہیں مطالعہ تحقیق کتب خانہ کی اہمیت سے واقفیت رکھتے ہیں ۔ ان تجربات کو درس و تدریس میں عملی طور پر استعمال میں کرتے نظر آتے ہیں ۔ اپنے طلبہ کو اسکول کی لائبریری کی کارکردگی، نظامِ مطالعہ, کتابوں کے حصول و اجراء کے طریقۂ کار سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ انہوں نے کتابوں کے اندراج، طلبہ و اساتذہ کے رجسٹروں، لائبریری کے اوقات اور دیگر انتظامی امور کے بارے میں بھی معلومات فراہم کیں۔ انہوں نے بتایا کہ اسکول کے دارالمطالعہ میں تقریباً چار ہزار کتابوں کا وقیع ذخیرہ موجود ہے، جس میں اخبارات رسائل جرائد دینی، ادبی، درسی و تدریسی کتب کے علاوہ انسائیکلوپیڈیا حوالہ جاتی کتب، عام معلومات سائنس و ٹیکنالوجی سے متعلق کتابیں اور مختلف عمر کے بچوں اور بڑوں کی علمی و ادبی ضروریات کے مطابق متنوع مطالعے کا مواد شامل ہے۔ اردو، ہندی، مراٹھی اور انگریزی زبانوں کی مختلف لغات کے ساتھ ساتھ متعدد رسائل و جرائد بھی لائبریری میں دستیاب ہیں۔ اس موقع پر پرنسپل نور محمد شیخ نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کتاب انسان کی بہترین رفیق اور لائبریری کسی بھی تعلیمی ادارے کا ذہن و دماغ کہلاتی ہے۔ طلبہ کو چاہیے کہ وہ نصابی کتابوں کے ساتھ غیر نصابی اور معلوماتی کتب کا بھی باقاعدگی سے مطالعہ کریں، کیونکہ مطالعہ انسان کی سوچ کو وسعت، زبان کو پختگی، شخصیت کو نکھار اور علم کو گہرائی عطا کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رواں تعلیمی سال جماعت ششم کے نصاب میں حکومت کی جانب سے لائبریری کے لیے خصوصی وقت مقرر کیا گیا ہے، جس کا بنیادی مقصد طلبہ میں کتاب بینی اور مطالعے کا ذوق و شوق پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے طلبہ کو تلقین کی کہ وہ کتابوں کو محض الماریوں کی زینت نہ بنائیں بلکہ انہیں اپنا روزمرہ کا ساتھی بنائیں۔ گھروں میں بھی کتابوں کا ذخیرہ کیا جائے اور مطالعے کے لیے ایک الگ گوشۂ کتب مختص کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح انسانی دماغ کو فعال رکھنے کے لیے مسلسل غور و فکر اور علمی سرگرمی ضروری ہے، اسی طرح اسکول کی لائبریری کو زندہ اور فعال رکھنے کے لیے کتابوں سے رشتہ مضبوط کرنا ناگزیر ہے۔ مطالعہ صرف علم حاصل کرنے کا ذریعہ نہیں بلکہ تہذیب، کردار سازی، فکری بالیدگی اور روشن مستقبل کی بنیاد بھی ہے۔ ماہِ ربیع الاول کے مبارک ایام میں اس سرگرمی کے ذریعے طلبہ کو یہ پیغام بھی دیا گیا کہ اسلام نے علم و قلم، تدبر و تفکر اور حصولِ علم کو غیر معمولی اہمیت عطا کی ہے۔ قرآنِ کریم کی پہلی وحی کا آغاز ہی ’’اقراء‘ یعنی ’’پڑھو‘‘ کے عظیم پیغام سے ہوا، جو امتِ مسلمہ کے لیے علم و مطالعہ کی بنیادی اہمیت کو واضح کرتا ہے۔ اس علمی و تربیتی سرگرمی کے موقع پر کاشف انجم، فرحت تبسم، نعمان خان، شاہ حذیف منیبہ خان، محفوظہ خان سمیت دیگر اساتذۂ کرام اور طلبہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔ طلبہ نے لائبریری میں موجود مختلف النوع کتب کا مشاہدہ کیا اور مطالعے کے ذریعے اپنے علمی افق کو وسیع کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔