اردو زبان کی ترقی کے لیے ایک کروڑ روپے کی مالی اعانت - ڈاکٹر محمد نعیم الرحمن نے حکومتِ تمل ناڈو کے فیصلے کا خیرمقدم کیا۔


  
چنئی، 24 اگست 2026 : (محمد رضوان اللہ) حکومتِ تمل ناڈو کے محکمۂ اعلیٰ تعلیم کے تحت کام کرنے والی تمل ناڈو اسٹیٹ اردو اکیڈمی کی اردو زبان کی ترقی اور فروغ سے متعلق سرگرمیوں کے لیے ایک کروڑ روپے کی مالی اعانت مختص کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
محکمۂ اعلیٰ تعلیم کے وزیرِ محترم وشواناتھن کی جانب سے جاری کردہ اعلان کے مطابق، تمل ناڈو اسٹیٹ اردو اکیڈمی کے ذریعے اردو زبان کے فروغ، تحفظ اور ترقی کے لیے مختلف اہم سرگرمیاں انجام دی جائیں گی۔
اس مالی اعانت کے ذریعے اردو زبان اور اس کے تہذیبی و ثقافتی ورثے سے متعلق تعلیمی، تحقیقی اور ادبی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ طلبہ، اساتذہ اور محققین میں اردو زبان کے تئیں دلچسپی پیدا کرنے اور اسے مزید مستحکم بنانے کے لیے مختلف منصوبوں پر عمل درآمد کیا جائے گا۔
اس اہم مالی منظوری پر تمل ناڈو اسٹیٹ اردو اکیڈمی کے نائب صدر  ڈاکٹر محمد نعیم الرحمن نے حکومتِ تمل ناڈو کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔
ڈاکٹر محمد نعیم الرحمن اردو زبان کی ترقی، اردو تعلیم کے فروغ، تحقیقی سرگرمیوں، اردو ادب اور تہذیبی ورثے کے تحفظ اور اسے نئی نسل تک منتقل کرنے کے مقصد سے مسلسل مختلف اقدامات اور کوششیں کر رہے ہیں۔
انہوں نے تمل ناڈو اسٹیٹ اردو اکیڈمی کی سرگرمیوں کو مزید مضبوط بنانے کے لیے حکومتِ تمل ناڈو کے محکمۂ اعلیٰ تعلیم، محکمۂ خزانہ اور متعلقہ اعلیٰ حکام کے ساتھ مسلسل مشاورت اور نمائندگی کی۔ اکیڈمی کی سابقہ سرگرمیوں اور مستقبل کے منصوبوں کے سلسلے میں تفصیلی تجاویز اور پریزنٹیشن بھی پیش کی گئی، جس کے نتیجے میں یہ مالی منظوری حاصل ہوئی ہے۔

اس موقع پر ڈاکٹر محمد نعیم الرحمن نے کہا کہ:
“تمل ناڈو میں اردو زبان کی ترقی اور اردو ادب، تہذیب و ثقافت اور تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ایک کروڑ روپے کی یہ مالی اعانت ایک نئی توانائی فراہم کرے گی۔ حکومتِ تمل ناڈو کا یہ اہم فیصلہ اردو زبان سے محبت رکھنے والوں، اساتذہ، طلبہ، ادیبوں اور محققین کے لیے انتہائی خوش آئند اور باعثِ مسرت ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ تمل ناڈو اسٹیٹ اردو اکیڈمی کی مستقبل کی سرگرمیوں کو مزید مؤثر اور وسیع پیمانے پر انجام دینے کے لیے اس رقم کا مناسب اور مفید استعمال کیا جائے گا، تاکہ اردو زبان کی تعلیمی، ادبی، تحقیقی اور ثقافتی ترقی کو مزید فروغ حاصل ہو۔
اردو زبان کی ترقی کے لیے حکومتِ تمل ناڈو کی جانب سے ایک کروڑ روپے کی یہ مالی اعانت ریاست میں اردو زبان، ادب، تہذیب و ثقافت اور تحقیق کے شعبوں کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دی جا رہی ہے۔ اس فیصلے سے اردو زبان کے فروغ کے لیے نئی سرگرمیوں اور منصوبوں کے آغاز کی راہ ہموار ہوگی۔
اردو زبان کی ترقی اور فروغ کے لیے حکومتِ تمل ناڈو کا یہ اہم فیصلہ قابلِ ستائش ہے اور اردو داں طبقہ نے اس کا خیرمقدم کیا ہے۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔