درگاہ آستانہ قادریہ بگدل سے شاندار جلوسِ میلاد النبی ﷺ نکالا گیا،جلوس کی قیادت ڈاکٹر محمد ادریس احمد قادری بگدلی نے فرمائی۔
بیدر، 27/ اگست (نامہ نگارمحمد عبد الصمد) پیرِ طریقت شاہ خلیفہ ڈاکٹر الحاج محمد ادریس احمد قادری بگدلی، سجادہ نشین درگاہ آستانہ قادریہ بگدل کی نگرانی میں حسبِ روایت قدیم ولادتِ باسعادت نبی کریم ﷺ کے عظیم الشان موقع پر شاندار جلوسِ میلاد النبی ﷺ نکالا گیا۔ تفصیلات کے مطابق بعد نمازِ فجر مسجدِ مدینہ بگدل شریف میں محفلِ درودِ پاک، ختمِ قرآنِ مجید، درگاہ آستانہ قادریہ میں تلاوتِ یٰسین شریف، ذکر و اذکار، فاتحہ اور دعائے سلامتی کا اہتمام کیا گیا۔ اس کے بعد دارالعلوم قادریہ بگدل میں جناب محمد لئیق احمد قادری بگدلی نے ڈاکٹر شاہ خلیفہ محمد ادریس احمد قادری بگدلی کی شال پوشی و گل پوشی فرمائی، جبکہ حضرت نے تمام اساتذۂ کرام کی شال پوشی و گل پوشی فرمائی۔
صبح ٹھیک 8:30 بجے پیرِ طریقت ڈاکٹر الحاج محمد ادریس احمد قادری بگدلی نے کلمۂ شریف کے ورد کے ساتھ سبز پرچم لہرا کر جلوسِ میلاد النبی ﷺ کا آغاز فرمایا۔ اس موقع پر غبارے فضا میں چھوڑے گئے۔ دارالعلوم قادریہ بگدل میں زیرِ تعلیم طلبہ و طالبات نے پُرجوش آواز میں نعتیں اور ترانے پیش کیے۔ جلوس روایتی مذہبی جوش و خروش کے ساتھ بگدل شریف کی اہم شاہراہوں سے گزرتا ہواقبل از وقت نماز ظہر درگاہ آستانہ قادریہ پہنچا۔ راستے میں جگہ جگہ جلوس کا شاندار استقبال کیا گیا اور حضرت کی شال پوشی و گل پوشی کی گئی۔
جلوس میں اہلِیان بگدل و اطراف و اکناف کے عاشقانِ رسول ﷺ کے علاوہ مریدین و معتقدین کی بڑی تعداد شریک رہی۔ جناب محمد ضیاء الدین سوداگر کی قیام گاہ پر حضرت نے پنجرے میں بند کبوتروں کو آزاد کیا۔ جلوس کی کامیابی کے ساتھ تکمیل کے بعد حسبِ روایت ہر خاص و عام کے لیے پر تکلف دعوت کا اہتمام کیا گیا۔
اس موقع پر پیرِ طریقت ڈاکٹر الحاج محمد ادریس احمد قادری بگدلی نے مختصر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جشنِ میلاد النبی ﷺ کا مقصد حضور اکرم ﷺ کی سیرتِ طیبہ اور تعلیمات کو اپنی زندگی میں اپنانا ہے۔ آپ ﷺ پوری انسانیت کے لیے رحمت بن کر تشریف لائے اور محبت، اخوت، امن و سلامتی کا درس دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی زندگیوں کو سنتِ رسول ﷺ کے مطابق ڈھالنے اور نئی نسل کو سیرتِ پاک سے روشناس کرانے کی ضرورت ہے۔ حضور اکرم ﷺ کے پیغامِ رحمت و محبت کو عام کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
Comments
Post a Comment